چارنوافل میں قراءت کی ترتیب رکھنے کے حوالے سے تفصیل:

فتوی نمبر:WAT-419

تاریخ اجراء:20جمادی الاخری1443ھ/24جنوری2022

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

    نفل نمازکےشفع اول میں جوسورتیں پڑھیں شفع ثانی میں ان سے پہلےوالی سورتیں پڑھ سکتے ہیں؟جیسے پہلی میں اگرسورۂ فلق اور دوسری میں سورۂ ناس پڑھی تو کیا تیسری میں سورۂ لھب اور چوتھی میں سورۂ اخلاص پڑھ سکتے ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   چاررکعتی نفل نمازکے شفع اول  میں جو سورتیں پڑھی جائیں، شفع ثانی میں ان سے پہلے والی سورتیں پڑھناجائز ہے، اس میں کوئی حرج نہیں ہےکیونکہ نفلوں کاہرشفعہ علیحدہ نمازہے لہذاجس طرح دورکعات پرسلام پھیرنے کے بعداگلی دورکعات جب اداکرے توپچھلی اداکی گئیں رکعات  میں جن سورتوں کی تلاوت کی تھی،ان سے اوپروالی سورتیں ان اگلی دورکعات میں اداکرسکتاہے ،اسی طرح بغیرسلام پھیرے جب اگلی دورکعات شروع کردیں توان میں بھی ایساکرسکتاہے ۔ہاں  چاررکعات سنت موکدہ میں  اس کی اجازت نہ ہوگی کیونکہ یہ ساری ایک نمازہے تواس میں اگلی دورکعتوں میں پچھلی دورکعتوں سے پہلے والی سورت پڑھنے میں قرآن پاک کوخلاف ترتیب پڑھناپایاجائے گاجوکہ جائزنہیں ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

المتخصص  فی الفقہ الاسلامی

ابو احمد محمد انس رضا عطاری مدنی