میک اپ کے ساتھ نمازاداکرنا

فتوی نمبر:WAT-393

تاریخ اجراء:26جُمادَی الاُولٰی   1443ھ/31دسمبر 2021

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

    اگر کسی اسلامی بہن نے میک اپ کرنے سے پہلے وضو کیا تھا ۔ تو کیا اب اسے نماز سے پہلے میک اپ ریموو کرکے دوبارہ وضو کرکے نماز پڑھنا  ہوگی ؟یا میک اپ کے ساتھ بھی نماز پڑھی جاسکتی ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    اگر وضو اب تک قائم ہے تو  اسی وضو سے نماز پڑھنے میں حرج نہیں۔ اگر آپ کو یہ کنفیوژن ہے کہ میک اپ کے ساتھ نماز پڑھ سکتے ہیں یا نہیں تو یہ  جان لیجیے کہ  پاک اشیاء سے جائز طریقے سے میک اپ کرکے نماز پڑھنا جائز بلکہ افضل ہے۔

     البتہ ناپاک اشیا ء(مثلاحرام جانورکی چربی ملی کسی چیز)کے   ساتھ میک اپ  کیاہو(اورنجاست بقدرمانع ہو یعنی درہم سے زائدتو )ایسے میک اپ کے ساتھ نماز ہی نہیں ہو گی۔اوراگردرہم کی مقدارنجاست ہوتواس کادھوناواجب اوراسی طرح نمازپڑھ لی تونمازواجب الاعادہ(اس کالوٹاناواجب)اوراگردرہم سے کم ہوتوپاک کرناسنت اورایسے ہی نمازپڑھ لی تونمازہوجائے گی لیکن اعادہ مستحب ہوگا۔ یونہی فاسقانہ طرز پر میک اپ کرکے  بارگاہ خداوندی میں حاضری مناسب نہیں ہے۔

    نوٹ: یہ یادرہے کہ الکوحل  کی وجہ سے  میک اپ کوناپاک  قرارنہیں دیاجائے گاکیونکہ فی زمانہ کثیر علماء و فقہائے کرام نے عموم بلوی و حاجت کی وجہ سے خارجی استعمال والی تمام چیزوں اور کھانے پینے والی چیزوں میں سےصرف ادویات میں بطور علاج الکوحل  کی اجازت دی ہے، جبکہ نشہ نہ ہوتا ہو۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

المتخصص  فی الفقہ الاسلامی

ابو رجا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی