مجیب:مولانا اعظم عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-3144
تاریخ اجراء:28ربیع الاول1446ھ/03اکتوبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیاقبرستان میں گھاس وغیرہ ختم کرنے کے لیے کوئی دوا ڈال سکتے ہیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
قبرستان میں اگی ہوئی تر گھاس کو ختم کرنے کے لیے دوائی نہیں ڈال سکتے کیونکہ قبرستان کی تر گھاس کو ختم کرنا مکروہ وممنوع ہے کیونکہ گھاس جب تک تر رہتی ہے تو اللہ تعالی کی تسبیح کرتی ہے،جس سے میت کو فائدہ پہنچتا ہے اور اس کی تسبیح سے رحمت کا نزول ہوتا ہے لہذا اس کو ختم کرنے میں میت کے حق کو ضائع کرنا ہے۔البتہ! اگر خشک گھاس ہوتو اسے ختم کرنےکے لیے دوائی ڈال سکتے ہیں۔
قبرستان کی گھاس کو ختم کرنے کے متعلق رد المحتار میں ہے:”یکرہ ایضا قطع النبات الرطب و الحشیش من المقبرۃ دون الیابس کما فی البحر و الدرر و شرح المنیۃ، و عللہ فی الامداد بانہ ما دام رطباً یسبح اللہ تعالیٰ فیؤنس المیت و تنزل بذکرہ الرحمۃ، ونحوہ فی الخانیۃ۔۔۔ لان فیہ تفویت حق المیت“ ترجمہ: قبر ستان سے تَر پودے اور تر گھاس کو کاٹنا مکروہ ہے نہ کہ خشک کو، جیسا کہ یہ مسئلہ بحر، درر، شرح منیہ میں مذکور ہے۔ امداد میں اس کی علت یہ بیان کی ہےکہ جب تک یہ پودا تر رہتا ہے اللہ تعالی کا ذکر کرتا ہے جس سے میت کو اُنسیت حاصل ہوتی ہے اور اس کے ذکر سے رحمت کا نزول ہوتا ہے۔ اسی کی مثل خانیہ میں مذکور ہے( اس کو کاٹنا مکروہ ہے،)کیونکہ اس(کو کاٹنے) میں میت کا حق ضائع کرنا ہے۔(رد المحتار علی الدر المختار،ج 2،ص 245،دار الفکر،بیروت)
فتاوی رضویہ میں ہے"قبرستان میں جو گھاس اگتی ہے جب تک سبز ہے،اسے کاٹنے کی اجازت نہیں۔ جب سوکھ جائے تو کاٹ کر جانوروں کےلئے بھیج سکتے ہیں مگر جانوروں کا قبرستان میں چرانا کسی طرح جائز نہیں، مطلقاً حرام ہے قبروں کی بے ادبی ہے۔"(فتاوی رضویہ ، ج 16، ص 537، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
تیجے کے چنوں کا مالدار کو کھانا کیسا؟
میت کے غیر ضروری بال کاٹنے کا حکم؟
غائبانہ نماز جنازہ پڑھنے کا حکم؟
کیا قبر میں شجرہ رکھ سکتے ہیں یا نہیں؟
میت کو دفن کرنے کے بعد قبر پر کتنی دیرتک ٹھہرنا چاہیے؟
قبر بیٹھنے کی صورت میں قبر کے اوپر کی تعمیر نو کرسکتے ہیں؟
نماز جنازہ کی تکرار کرناکیسا ہے؟
غسل میت سے پہلے میت کے پاس تلاوت کرنا کیسا؟