Mayyat Ki Tajheez o Takfeen Ke Baad Salam Parhna Aur Namaz Janaza Ke Baad Dua Karna

میت کی تجہیز و تکفین کے بعد سلام پڑھنا اور نماز جنازہ کے بعد میت کے لئے دعا کرنا

مجیب: مولانا فرحان احمد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1117

تاریخ اجراء: 09ربیع الثانی1445 ھ/25اکتوبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میت کی تجہیز و تکفین کے بعد جنازہ ہونے سے پہلے سلام پڑھنا اور نماز جنازہ کا سلام پھیرنے کے بعد میت کے لئے دعا کرنا از روئے شرع کیسا ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   تجہیز و تکفین کے بعد جب جنازہ رکھا ہوا ہو اور کسی ضرورت کے تحت ابھی نماز جنازہ نہیں پڑھی گئی ہو، تو ایسے وقت میں سلام یا فاتحہ وغیرہ پڑھنے میں کوئی حرج نہیں۔ بلکہ کتب احادیث  میں صراحتا ًنمازجنازہ سے پہلےدعا اور ثنا کرنے کا ذکرہے۔

   صحیح بخاری میں روایت ہے:” عن ابن أبي مليكة، أنه سمع ابن عباس، يقول: وضع عمر على سريره فتكنفه الناس يدعون ويصلون قبل أن يرفع وأنا فيهم “ ترجمہ:ابن ابی ملیکہ سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہماکوفرماتے سناکہ حضرت عمررضی اللہ تعالی عنہ کوا ن کی چارپائی پررکھاگیاتولوگوں نے ان کوگھیرلیااوروہ ان کواٹھائے جانے سے پہلے ان کے لیے دعاکرنے لگے اورمیں بھی ان ہی میں تھا۔(صحیح  بخاری، جلد01،صفحہ651،مطبوعہ کراچی )

   مسلم شریف میں میں یہ روایت ان الفاظ کے ساتھ مروی ہے: ” وضع عمربن الخطاب علی سریرہ فتکنفہ الناس یدعون ویثنون ویصلون علیہ قبل ان یرفع، وانا فیھم“ ترجمہ: امیر المومنین فاروق اعظم رضی اﷲ تعالٰی عنہ کا جنازہ رکھا تھا ، تو لوگوں نے انہیں گھیر لیا اور انہیں اٹھائے جانے سے پہلے اُن کے لئے دُعاوثناء میں مشغول گئے، میں بھی اُن ہی دُعا کرنے والوں میں شامل تھا۔(صحیح مسلم، جلد2، صفحہ274، مطبوعہ کراچی)

   اسی طرح نمازِجنازہ کےبعد صفیں توڑ کر معروف طریقہ پر دعاکرنامستحب و مستحسن(اچھا)عمل ہے، اس لئےکہ قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ نےدعاکاحکم ارشاد فرمایا ہے ، تو اس حکم کےتحت بعدنمازِ جنازہ دعاکرنابھی داخل ہے نیز خودحضورسیّدِ عالم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم اورصحابہ کرام علیہم الرضوان سےنمازِ جنازہ کےبعددعاکرنا اوراس کاحکم دیناثابت ہے ۔

   اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:﴿وَ قَالَ رَبُّكُمُ ادْعُوْنِیْۤ اَسْتَجِبْ لَكُمْ ؕ ترجمہ کنزالایمان:اور تمہارے رب نےفرمایا :مجھ سے دعاکرو!میں قبول کروں گا۔(پارہ24،سورۃ المؤمن،آیت60)

   سنن ابن ماجہ،سنن ابی داؤداورصحیح ابنِ حبان وغیرہ کئی کتبِ حدیث میں ہےکہ نبی کریم رؤوف رحیم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’اذاصلیتم علی المیت فاخلصوالہ الدعاء‘‘ترجمہ:جب تم میت پرنماز پڑھ چکو،  توپھرخالص اُس کےلئےدعاکرو۔(سنن ابن ماجہ،صفحہ107،مطبوعہ کراچی)

   سنن الکبریٰ للبیہقی میں ہے:’’ان علیا رضی اللہ عنہ صلی علی جنازۃ بعد ماصلی علیھا‘‘ ترجمہ: حضرت سیدناعلی المرتضی رضی اللہ عنہ نےنماز ِجنازہ پڑھ لینےکےبعدمیت کےلئےدعافرمائی۔(السنن الکبری للبیھقی،جلد 4، صفحہ74، دار الکتب العلمیۃ،بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم