Kya Sailab Mein Faut Hone Wala Shaheed Hota Hai ?

کیا سیلاب میں فوت ہونے والے کو شہید کا ثواب ملے گا ؟

مجیب: مفتی ابوالحسن محمد ہاشم خان عطاری

فتوی نمبر: Lar -11610

تاریخ اجراء:       28محرم الحرام 1444 ھ/27اگست 2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں  کہ  جوشخص بارشوں کی وجہ سےآنےوالے سیلاب  کے پانی کے ساتھ بہہ جائے اور اس کا انتقال ہوجائے ،تو کیا اسے شہید کا ثواب ملے گا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی ہاں !جو شخص سیلاب کے پانی میں ڈوب کر فوت ہوجائے،تو اسے شہیدکا ثواب ملے گا ۔  سنن ابو داؤد شریف  کی  ایک حدیث پاک میں ہےکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ  وسلم نے صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین سے سوال کیا کہ :”وما تعدون الشهادة؟قالوا: القتل فی سبيل اللہ تعالى، قال رسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم:الشهادة سبع سوى القتل فی سبيل اللہ: المطعون شهيد، والغرق شهيد، وصاحب ذات الجنب شهيد، والمبطون شهيد، وصاحب الحريق شهيد، والذي يموت تحت الهدم شهيد، والمرأة تموت بجمع شهيد “ترجمہ: تم شہادت کسے کہتے ہو ؟ صحابہ کرام  رضی اللہ عنہم نے عرض کیا :اﷲ عزوجل کی راہ میں قتل کیے جانے کو ۔ تو نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اﷲعزوجل کی راہ میں قتل کیےجانے کےعلاوہ بھی سات شہادتیں ہیں:(1)طاعون میں مبتلا ہو کرمرنے والا شہید ہے(2)ڈوب کر مرنے والا شہید ہے (3)ذات ا لجنب (بیماری کانام ) میں مرنے والا شہید ہے (4)جو پیٹ کی بیماری میں مبتلا ہوکر مرے شہید ہے (5)جو جل کر مرے شہید ہے(6)اور جوکسی کےنیچے دب کر مرے شہید ہے(7) اور جو عورت بچے کی ولادت میں مرے شہیدہے۔ (ابو داؤد شریف ،جلد 3،صفحہ 188،مطبوعہ  بیروت)

   بدائع الصنائع میں ہے :”انه ينال ثواب الشهداء كالغريق، والحريق، والمبطون، والغريب إنهم شهداء بشهادة الرسول صلى اللہ عليه وسلم  لهم بالشهادة“ترجمہ : شہید حکمی کو شہداء کا ثواب ملےگا، جیساکہ ڈوب کر فوت ہونے والا،جل کر فوت ہونے والا،پیٹ کی بیماری میں فوت ہونےوالا اور  جو پردیس میں فوت ہوجائے ،شہید ہے ،یہ سب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ان کےلیے شہادت کی گواہی کےسبب شہداء قرار پائے ۔(بدائع الصنائع ،جلد01،صفحہ322،مطبوعہ  بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم