Kafan Se Bacha Hua Kapra Istemal Karna Kaisa?

 

کفن سے بچا ہوا کپڑا استعمال کرنا

مجیب:مولانا محمد علی عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-3074

تاریخ اجراء: 14ربیع الاول1446 ھ/19ستمبر2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا کفن سے بچا ہوا کپڑا استعمال کر سکتے ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   میت کو کفن دینے کے بعداگر کفن سے کپڑا بچ جائے، تو قابلِ استعمال ہونے کی صورت میں  اسے جائز استعمال میں لاسکتے،اس میں کوئی حرج نہیں ، محض کفن کا کپڑا سمجھ کر برا شگون لینا اور پھینک دینا  ،ناجائز و اسراف ہے۔

   پھر  اگر کفن میت کے مال سے لیا گیا ہو تو بچنے والے کپڑے کو ترکہ میں شمار کیا جائے گا،اور اگر  کسی نے اپنی ذاتی رقم سے خریدکر دیا ہو تو دینے والےکی ملک پر باقی ہے، اس کی اجازت سےکسی بھی جائز مَصرف میں استعمال کیا جاسکتا ہے ، الغرض  اس کا عمومی حکم عام کپڑوں کی طرح ہے ، لہذا اسے ضائع کرنا ہرگز درست نہیں۔

   بہارِ شریعت میں ہے”ہندوستان میں عام رواج ہے کہ کفنِ مسنون کے علاوہ اوپر سے ایک چادر اُڑھاتے ہیں وہ تکیہ دار یا کسی مسکین پر تصدق کرتے ہیں اور ایک جا نماز ہوتی ہے جس پر امام جنازہ کی نماز پڑھاتا ہے وہ بھی تصدق کر ديتے ہیں، اگر یہ چادر و جا نماز میّت کے مال سے نہ ہوں بلکہ کسی نے اپنی طرف سے دیا ہے (اور عادۃً وہی دیتا ہے جس نے کفن دیا بلکہ کفن کےليے جو کپڑا لایا جاتا ہے وہ اسی انداز سے لایا جاتا ہے جس میں یہ دونوں بھی ہو جائیں) جب تو ظاہر ہے کہ اس کی اجازت ہے اور اس میں کوئی حرج نہیں اور اگر میّت کے مال سے ہے تو دو صورتیں ہیں، ایک یہ کہ ورثہ سب بالغ ہوں اور سب کی اجازت سے ہو، جب بھی جائز ہے اور اگر اجازت نہ دی تو جس نے میّت کے مال سے منگایا اور تصدق کیا اس کے ذمہ یہ دونوں چیزیں ہیں یعنی ان میں جو قیمت صرف ہوئی ترکہ میں شمارکی جائے گی اور وہ قیمت خرچ کرنے والا اپنے پاس سے دے گا، دوسری صورت یہ کہ ورثہ میں کُل یا بعض نابالغ ہیں تو اب وہ دونوں چیزیں ترکہ سے ہرگز نہیں دی جا سکتیں، اگرچہ اس نابالغ نے اجازت بھی دیدی ہو کہ نابالغ کے مال کو صرف کر لینا حرام ہے۔ لوٹے گھڑے ہوتے ہوئے خاص میّت کے نہلانے کے ليے خریدے تو اس میں یہی تفصیل ہے۔(بہار شریعت،ج 1،حصہ 4،ص 821،822،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم