مجیب:مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی
فتوی نمبر: WAT-3181
تاریخ اجراء: 13ربیع الثانی 1446ھ/17اکتوبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
اگر گھر میں میت ہو جائے تو کیاگھر میں بنا ہوا کھانا پھینک دینا چاہیے ؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
ہرگز نہیں ۔ گھر میں بنا ہوا کھانا اگر کھانے کے لائق ہے ، خراب نہیں ہوا تو اسے پھینکنا اسراف ورزق کی بے حرمتی وسخت گناہ ہے۔مسئلہ یہ ہے کہ عموما جس گھر میں میت ہو وہ غم کی وجہ سے کھانا بناتے نہیں ہیں، اس لیے چاہیے کہ ان کے گھر پہلے دن کھانا بھیج دیا جائے اور اصرار کر کے انھیں کھلایا جائے،لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ کھانا بنانا ہی حرام ہو ،یا بنا ہوا کھانا (العیاذ باللہ) پھینک دیا جائےبلکہ جب پہلے سے کھاناموجودہے اگروہ گھروالوں کوکفایت کرے تواب دوسروں کوکھانابھیجنا بھی نہیں چاہیےکہ حاجت نہیں ۔
کھانا ضائع کر دینا اسراف ہے اور اسراف کے متعلق ارشاد باری تعالی ہے﴿ وَ لَا تُسْرِفُوْا ؕاِنَّهٗ لَا یُحِبُّ الْمُسْرِفِیْنَ﴾ترجمۂ کنزالایمان:اور بے جا نہ خرچو بے شک بے جا خرچنے والے اسے پسند نہیں۔(پارہ8،سورۃ الانعام، آیت141)
سنن ابن ماجہ کی حدیث پاک ہے:" عن عائشة، قالت: دخل النبي صلى الله عليه وسلم البيت، فرأى كسرة ملقاة، فأخذها فمسحها، ثم أكلها، وقال: «يا عائشة أكرمي كريما، فإنها ما نفرت عن قوم قط، فعادت إليهم» "ترجمہ: ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنھا فرماتی ہیں کہ رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم مکانِ عالی شان میں تشریف لائے،روٹی کا ٹکڑا پڑا ہوا دیکھاتو اُسے اٹھا کر پُونچھا پھر کھالیا اور فرمایا :اے عائشہ! اچّھی چیز کا احترام کرو کہ یہ چیزجب کسی قوم سے بھاگی ہے تَو لوٹ کر نہیں آئی۔ (سنن ابن ماجہ،کتاب الاطعمۃ، باب النھی عن القاء الطعام، رقم الحدیث :3353، ج 2،ص 1112،دار إحياء الكتب العربية)
امام اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ کی بارگاہ میں سُوال ہوا کہ”مَیِّت والے کے یہاں کیا روٹی پکانا منع ہے؟
تو آپ علیہ الرحمۃ نے جواباً ارشاد فرمایا: ”موت کی پریشانی کے سبب وُہ لوگ پکاتے نہیں ہیں، پکانا کوئی شرعاً منع نہیں ، یہ سُنَّت ہے کہ پہلے دِن صِرف گھر والوں کے لئے کھانا بھیجا جائے اور انہیں بااصرار کھلایا جائے ، نہ دوسرے دِن بھیجیں، نہ گھر سے زیادہ آدمیوں کے لئے بھیجیں۔"(فتاویٰ رضویہ،ج 9، ص 90، رضا فاؤنڈیشن ،لاہور)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
تیجے کے چنوں کا مالدار کو کھانا کیسا؟
میت کے غیر ضروری بال کاٹنے کا حکم؟
غائبانہ نماز جنازہ پڑھنے کا حکم؟
کیا قبر میں شجرہ رکھ سکتے ہیں یا نہیں؟
میت کو دفن کرنے کے بعد قبر پر کتنی دیرتک ٹھہرنا چاہیے؟
قبر بیٹھنے کی صورت میں قبر کے اوپر کی تعمیر نو کرسکتے ہیں؟
نماز جنازہ کی تکرار کرناکیسا ہے؟
غسل میت سے پہلے میت کے پاس تلاوت کرنا کیسا؟