Dadi Saas Ki Wafat Ke 15 Din Baad Naye Kapre Pehnna

دادی ساس کی وفات کے 15دن بعدنئے کپڑے پہننا

مجیب: عبدہ المذنب محمد نوید چشتی عفی عنہ

فتوی نمبر: WAT-1233

تاریخ اجراء:       09 ربیع الثانی 1444 ھ/05نومبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   ہماری دادی ساس کے انتقا ل کو 15 دن گزرگے ہیں۔کیاہم نیا کپڑا پہن سکتے ہیں یا نہیں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   شریعت مطہرہ میں کسی  قریبی کے فو ت ہونے پر تین دن تک سوگ کرنے کی اجازت ہے، تین دن سےزیادہ سوگ کرنا جائزنہیں  ،اورشوہروالی عورت کاشوہرتین دن سوگ کرنے سے بھی منع کرسکتاہے ۔ جس عورت کا شوہر فوت ہوجائے صرف اسے چارماہ دس دن تک سوگ کرنا ضروری ہوتاہے  جبکہ وہ حاملہ نہ ہوکہ حمل والی کی عدت بچہ پیدا ہونے تک ہے تواس کاسوگ بھی بچہ پیداہونے تک رہے گا۔

   لہذا پوچھی گئی صور ت میں جبکہ  آپ کی دادی ساس کےانتقال کو 3 دن سے زائد عرصہ ہوچکاہےتو آپ لوگ نئے کپڑے پہن سکتےہیں ۔

   در مختار میں ہے” ويباح الحداد على قرابة ثلاثة أيام فقط، وللزوج منعها لأن الزينة حقه فتح“ ترجمہ: کسی قریبی کی وفات پر فقط تین دن سوگ کرنے کی اجازت ہے اور شوہر،بیوی کو اس سے منع بھی کر سکتا ہے کیونکہ زینت شوہر کا  حق ہے۔فتح القدیر۔

   اس کے تحت رد المحتار میں ہے” (قوله: وللزوج منعها إلخ) عبارة الفتح: وينبغي أنها لو أرادت أن تحد على قرابة ثلاثة أيام و لها زوج له أن يمنعها لأن الزينة حقه “(ترجمہ:مصنف کا قول کہ شوہر بیوی کومنع کر سکتا ہے)فتح القدیر کی عبارت یوں ہے:عورت اگر اپنے قریبی کی وفات پر سوگ کرنا چاہے تو تین دن تک کر سکتی ہے اور شوہروالی  کواس کاشوہر اس سے منع کرسکتاہے کیونکہ زینت ،شوہر کا حق ہے ۔(رد المحتار علی الدر المختار،ج 3،ص 533،دار الفکر،بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم