Mehfil e Milad Karwane Ki Barkat

محفل میلاد کروانے کی برکات

مجیب: عبدہ المذنب محمد نوید چشتی عفی عنہ

فتوی نمبر: WAT-1715

تاریخ اجراء: 17ذوالقعدۃالحرام1444 ھ/06جون2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   گھر میں محفل میلاد کروانے کی کیا برکات ہیں ۔ اس بارے میں کچھ برکات لکھ کر  بھیج دیجئے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   میلاد شریف کروانے کی بے شمار برکات ہیں۔چنانچہ امام جلال الدین  سیوطی شافعی  علیہ الرحمۃ فرماتے ہی : جس گھر، مسجد یا محلّہ میں میلاد شریف پڑھا جائے۔فرشتے اُس گھر، مسجد اور محلّہ کو گھیر لیتے ہیں اور فرشتوں کے سردار یعنی حضرت جبریل، حضرت میکائیل، حضرت اسرافیل اور حضرت عزرائیل عَلَیْہمُ السَّلَام میلاد شریف پڑھنے والوں کے لئے رحمت و رِضوان کی دُعا کرتے ہیں۔جس گھر میں میلاد شریف پڑھا جائے،اللہ پاک اس گھر کو قحط سالی،وبائی امراض، آگ لگنے،ڈوبنے اور ایسی بہت سی آفات سے محفوظ رکھتا ہے،اس گھر کے رہنے والوں کو بُغض و حسد سے،بُری نظر سے اور چوری وغیرہ کے خطرے سے بچایا جاتا ہےاور اس گھر کے اَہْلِ خانہ کا کوئی فرد انتقال کر جائے ،تو اس پر نَکِیْرَین(یعنی قبر میں سوال پوچھنے والے فرشتوں(کے سوالوں کے جواب آسان کر دئیے جاتے ہیں۔( نعمۃ الکبریٰ لابن حجر،صفحہ : 7بتقدم و تاخر۔(

   نوٹ:اس حوالے سے تفصیلی مطالعہ کرنے کے لیے دعوت اسلامی کی طرف سے جاری کردہ  رسالے بنام ”محفل میلادِ مصطفیٰ(علیہ التحیۃ و الثناء) کی برکات“ کا مطالعہ کیجئے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم