Huzoor صلی اللہ علیہ وسلم Ka Drood Sharif Sunna

حضورعلیہ الصلوۃ والسلام کا درودشریف سننا

مجیب: ابوصدیق محمد ابوبکر عطاری

فتوی نمبر: WAT-1615

تاریخ اجراء: 16شوال المکرم1444 ھ/07مئی2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   وہ وہاں سے سنیں ہم یہاں سے پڑھیں،مصطفی کی سماعت پہ لاکھوں سلام

مذکورہ شعر پڑھنا کیسا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

      سوال میں مذکور شعر پڑھنا بالکل  جائز و درست اور عقیدہ اہلسنت کے عین مطابق ہے کہ  ہم اہلسنت وجماعت کا قرآن و حدیث کے مطابق یہ عقیدہ ہے  کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  اپنے مزار اقدس میں  زندہ ہیں اوردرودپاک پڑھنے والاکہیں سے بھی درودپڑھیں آپ علیہ الصلوۃ والسلام اسے سماعت فرماتے ہیں ۔ چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم خود ارشاد فرماتے ہیں:" لَيْسَ مِنْ عَبْدٍ يُّصَلِّیْ عَلَيَّ اِلَّا بَلَغَنِيْ صَوْتُہٗ حَيْثُ كَانَ "ترجمہ:جو بھی شخص مجھ پر درود پاک پڑھتا ہے اس کی آواز  مجھے پہنچتی ہے  خواہ وہ کہیں بھی ہو۔ (سبل الھدی والرشاد فی سیرۃ خیر العباد،جلد12،صفحہ358، دار الکتب العلمیۃ،بیروت)

   ایک روایت میں مزید ان الفاظ کا اضافہ ہے "قلنا: وبعد وفاتك؟ قال: وبعد وفاتي إن الله عزَّ وجلَّ حرم على الأرض أن ياکل أجساد الأنبياء"ترجمہ:صحابہ فرماتے ہیں ہم نے عرض کی یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کیا آپ کے دنیا سے ظاہری پردہ فرمانے کے بعد بھی ؟تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:ہاں میرے دنیا سے پردہ فرمانے کے بعد بھی کہ اللہ تعالی نے  زمین پر حرام فرمادیا ہے کہ  وہ انبیاء کے جسموں کو کھائے۔(البدر التمام شرح بلوغ المرام،جلد5، صفحہ406،دار ہجر، بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم