Barish Ke Waqt Parhe Jane Wale Durood Pak Ka Hawala

 

بارش کے وقت پڑھےجانے والے درود پاک کا حوالہ

مجیب:مولانا احمد سلیم عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-3171

تاریخ اجراء: 07ربیع الثانی 1446ھ/11اکتوبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   بارش کے وقت پڑھےجانے والےدرود پاک کا حوالہ کس کتاب   میں ہے ؟ 

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   عظیم اورمشہورمحدث ابوالفرج عبدالرحمن بن علی بن محمدالجوزی علیہ الرحمۃ(المتوفی 597ھ)دوردپاک کے مختلف صیغے شمارکرتے ہوئے ایک یوں تحریرفرماتے ہیں :" اللّٰهُمَّ صل على مُحَمَّد عدد قطر الأمطار ۔۔۔الخ" (بستان الواعظین وریاض السامعین،ص296،بیروت،لبنان)

   عظیم ومشہورمفسرعلامہ اسماعیل حقی علیہ الرحمۃ(1127ھ) تفسیر  روح البيان  میں درودپاک کے مختلف صیغے بیان کرتے ہوئے ایک صیغہ یو ں تحریرفرماتے ہیں : اللهم ۔۔۔ صل على محمد بعدد قطر الأمطار ۔۔۔الخ“ ترجمہ :اے اللہ عزوجل !حضرت محمد صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم پر بارش کے قطروں کی تعداد کے حساب سے درود (یعنی اپنی رحمتیں ) نازل فرما۔(تفسیرِ روح البیان،ج 7،ص 235،دار الفکر،بیروت)

نوٹ:

   یہ یادرہے کہ! ان کتب میں ان الفاظ کے ساتھ درودپاک کاذکرتوملاہے لیکن یہ صراحت نہیں ملی کہ بارش کے وقت یہ درودپاک پڑھا جائے یاپڑھنے کاحکم ہے وغیرہ اوراسی طرح یہ صراحت بھی نہیں کہ ان الفاظ کے ساتھ یہ درودپاک کسی حدیث میں مذکورہواہے لیکن حدیث پاک میں بارش کے وقت کودعاکی قبولیت کاوقت بیان فرمایاگیاہے اوردرودپاک بہترین دعاہے اور ان الفاظ میں اس وقت سے مناسبت  ہے ،اس لیے یہ درودپاک اس وقت میں پڑھنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

سنن ابی داؤد میں ہے” عن سهل بن سعد، قال: قال رسول الله -صلى الله عليه وسلم-: "ثنتان لا تردان، أو قلما تردان: الدعاء عند النداء، وعند البأس حين يلحم بعضه بعضا".قال موسى: وحدثني رزق بن سعيد بن عبد الرحمن، عن أبي حازم، عن سهل بن سعد، عن النبي -صلى الله عليه وسلم- قال: "وتحت المطر"ترجمہ:حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:”دو دعائیں رد نہیں کی جاتیں، یا فرمایا:بہت کم رد کی جاتی ہیں ،ایک تو اذان کے وقت اور دوسرا جنگ میں جب بعض ،بعض سے لڑ رہے ہوں ،موسی نے کہا،مجھے رزق بن سعید بن عبد الرحمن نے ابی حازم سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا،اور ابی حازم نے سہل بن سعد سے روایت کیا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:اور بارش کے وقت ۔ (سنن ابی داود،اول کتاب الجہاد،باب الدعاء عنداللقاء، ج04، ص193،دارالرسالۃ العلمیۃ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم