Ambiya Aur Farishton Ke Ilawa Koi Masoom Nahi

انبیاء کرام علیہم السلام اور فرشتوں کے علاوہ کوئی معصوم نہیں۔

مجیب: مولانا محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2135

تاریخ اجراء: 15ربیع الثانی1445 ھ/31اکتوبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   انبیاء اور فرشتوں  علیہم الصلوۃ والسلام کے علاوہ کوئی معصوم نہیں، اس پر کچھ دلائل ارشاد فرما دیں۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   علمائے اہل سنت کااجماع واتفاق ہے کہ صرف فرشتے اورانبیائے کرام علیھم  الصلوۃ والسلام  ہی معصوم ہیں، ان کے علاوہ کوئی اور معصوم نہیں ہے۔جوان کے علاوہ کومعصوم مانے وہ اہلسنت سے خارج اورگمراہ  ہے ۔

   شرح عقائد میں ہے:’’ان الانبیاءعلیھم الصلاۃ والسلام معصومون ترجمہ:بیشک تمام انبیاءعلیہم الصلاۃ والسلام معصوم ہیں۔(شرح عقائد نسفیہ،ص170،مکتبہ رحمانیہ )

   شرح عقائد کی شرح النبراس میں جامع المعقول والمنقول علامہ عبد العزیز علیہ رحمۃ اللہ العزیز فرماتے ہیں: ’’الملائکۃ عباد اللہ تعالی العاملون بامرہ۔۔یرید انھم معصومون‘‘ترجمہ:تمام فرشتے اللہ عزوجل کے بندے ہیں،اس کےحکم کےمطابق اپنے تمام امور سرانجام دیتے ہیں،اور اس سے مراد یہ ہے کہ وہ معصوم ہیں۔ (النبراس،ص287،مکتبہ حقانیہ،ملتان)

   امام اہلسنت فتاوی رضویہ میں فرماتے ہیں:’’اجماعِ اہلسنت ہے کہ بشر میں انبیا ء علیہم الصلاۃ والسلام کے سواکوئی معصوم نہیں۔ جو دوسرےکو معصوم مانے اہلسنت سے خارج ہے ۔‘‘   (فتاوی رضویہ ،ج14،ص187،رضافاؤنڈیشن،لاہور)

   مفتی امجد علی اعظمی  بہار شریعت میں فرماتے ہیں:’’نبی کا معصوم ہونا ضروری ہے،اور یہ عصمت نبی اور مَلَک (فرشتہ) کا خاصہ ہے، کہ نبی اور فرشتہ کے سوا کوئی معصوم نہیں۔اماموں کو انبیا کی طرح معصوم سمجھنا گمراہی و بد دینی ہے۔عصمتِ انبیا کے یہ معنی ہیں کہ اُن کے لیے حفظِ الٰہی کا وعدہ ہو لیا، جس کے سبب اُن سے صدورِ گناہ شرعاً محال ہے۔‘‘(بہار شریعت،عقائد متعلقہ نبوت،ج1،حصہ 1،ص38،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم