میڈیکل اسٹور میں سرمایہ کاری (Investment) کی ایک آسان صورت |
مجیب:مفتی علی اصغرصاحب مدظلہ العالی |
تاریخ اجراء:ماہنامہ فیضان مدینہ محرم الحرام1441ھ |
دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت |
(دعوت اسلامی) |
سوال |
میرا میڈیکل اسٹور ہے ایک شخص نے مجھے آفر دی کہ میرے پیسے بھی اس میں لگا لو اور اس پر جو بھی پرافٹ ہو وہ دے دینا۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہم اس کام میں حساب کتاب نہیں کرپاتےاور مجھے اپنے کام میں کوئی نقصان بھی نہیں ہے بلکہ ماہانہ پچاس ساٹھ ہزار روپے نفع ہی ہوتا ہے،اب میں اپنے حساب سے اس شخص کو کبھی آٹھ ہزار، کبھی دس ہزار، کبھی بارہ ہزار روپے دے دیتا ہوں، یہ سود میں تو شامل نہیں ہوگا؟ |
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ |
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ |
سوال میں مذکور طریقۂ
کار جائز نہیں اور یوں اندازے سے رقم دینا شراکت نہیں۔
جب تک آپ شریعتِ مطہرہ کا بیان کردہ کاروباری طریقہ اختیار
نہیں کریں گےاس طرح کی انویسٹمنٹ حلال نہیں ہوسکتی۔وجہ
یہ ہے کہ جب آپ اکیلے ہیں تو آپ ہی مالک ہیں آپ
کا اختیار ہے کہ کم مال رکھیں زیادہ مال رکھیں سستا بیچیں
مہنگا بیچیں، ماہانہ حساب کریں یا نہ کریں آپ کی
مرضی ہے۔ البتہ زکوٰۃ کی ادائیگی کے
لئے سالانہ حساب کرنا پڑے گا، لیکن جب آپ نے کسی دوسرے کو پارٹنر
بنا لیا تو سب سے پہلےتو شرعی تقاضے پورے کرنے ہوں گے۔ پہلا مرحلہ تو یہ ہوگا کہ آپ دونوں کا سرمایہ
(Capital)
واضح ہوکہ ان کا اور آپ کاسرمایہ (Capital) کتنا ہے؟ دوسرا مرحلہ یہ ہو گا کہ چلتے کام
میں نَقْد رقم کے ساتھ ساتھ مال بھی ہوگا اور مال کو بطورِسرمایہ
شامل نہیں کر سکتے۔ پھر مال کو سرمایہ بنانے کا حل
نکل بھی آئے تو آپ کو نفع کا تناسُب بھی طے کرنا پڑے گا۔ دکان
کے سامان کو سرمایہ میں کس طرح شمار کیا جا سکتا ہے اس کا
پورا ایک شرعی طریقۂ کار ہے جس پر آپ کو مستقل راہنمائی
لینا ہوگی۔ تیسرا اہم مرحلہ یہ ہوگا کہ
نفع کا تناسُب طے ہو جاتا ہے تو حسبِ موقع مثلاً سال میں یا چھ ماہ
بعد کلوزنگ کر کے نفع و نقصان کا حساب لگانا ہوگا اور اسی کلوزنگ کے مطابق
نفع تقسیم کرنا ہوگا۔ اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ
حساب کتاب اور کلوزنگ کی اہمیت کیوں ہے تو دیکھیےایک
بنیادی تقاضا یہ ہے کہ پارٹنر کا یہ حق ہےکہ اسے معلوم
ہو کہ مال کتنے کا آتا ہے کتنے کا بکتا ہے دکان میں کتنا نفع ہوتا ہے کتنے
خرچے ہوتے ہیں۔یوں جب ایک شخص تنہا ہوتا ہے تو آزاد
ہوتا ہے لیکن جب پارٹنر شپ ہو جاتی ہے تو آپ مُقَیَّدہوجاتے ہیں
اورآپ کو اس کے شرعی تقاضے پورے کرنے پڑتے ہیں۔ جہاں تک حساب کتاب کی بات ہے تو اس میں
کوئی مشکل نہیں کیونکہ مال جب آتا ہے تو پہلے آپ آرڈر دیتے
ہیں کہ فلاں کمپنی کی فلاں فلاں چیزیں اتنی
چاہییں اور آنے کے بعد بھی آپ دیکھتے ہی ہیں
کہ اتنے سیرپ آئے ہیں اتنی ٹیبلیٹس (Tablets) آئی
ہیں جب وہ ساری چیزیں موجود ہیں تو مہینے میں
اس کا ٹوٹل کرلیں کہ اتنے کی چیزیں آئی ہیں
اتنے پیسے ہم نے دے دئیے یا دینے ہیں اور جو
روزانہ کی خریدو فروخت ہو رہی ہے اس کا بھی حساب لگا لیں
کہ آج اتنی سیل ہوئی کل اتنی ہوئی تھی مہینہ
میں دو مہینہ میں اس کی کلوزنگ کر لیں،یہ
کوئی زیادہ مشکل کام نہیں۔ جب تک کوئی کام نہیں
کیا ہوتا تو بندہ سمجھ رہا ہوتا ہے کہ یہ کیسے ہوگا لیکن
جب کرنے لگیں تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ بہت آسان کام ہے۔ ایک آسان حل:میڈیکل اسٹور میں
انویسٹمنٹ کی ایک آسان صورت یہ اختیار کی
جاسکتی ہے کہ میڈیکل اسٹور پر چند آئٹمز ایسے ہوتے ہیں
جو مہنگے ہوتے ہیں یا جن سے متعلق آپ چاہتے ہیں کہ یہ
مال دکان میں زیادہ رکھا ہو تو زیادہ بکےگا،تو انویسٹر
کو صرف انہیں آئٹمز میں انویسٹمنٹ کی دعوت دیں۔
اگر شراکت کرنا ہےتو اس میں کچھ رقم آپ کی ہو اور کچھ رقم انویسٹ
کرنے والے کی ہو۔ یوں مشترکہ رقم سے وہ آئٹمز خرید لیں
اور نفع کا ایک ریشو طے ہوجائے۔ اب ان مخصوص چیزوں میں
ہی وہ دوسرا آدمی شامل ہوگا۔یوں کلوزنگ بھی آسان
ہوجائے گی اور اس میں انویسٹمنٹ بھی شاید آسان
ہوجائے گی کیونکہ اب پورے کاروبار کی کلوزنگ کرنا اور حساب مینٹین
کرنا ضروری نہیں ہوگا ۔ |
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم |
گاہک سوٹ سینے کے لئے د ے جائے لیکن واپس نہ آئے تو درزی کیا کر ے؟
موبائل کمپنی سے ایڈوانس بیلنس حاصل کرنا کیسا؟
سودے میں قیمت طے کرنے کی اہمیت
جانداروں کی شکل والے کھلونوں کی خرید و فروخت
تصاویر والی اشیاء کی خرید و فروخت کا حکم
درزی کے پاس بچے ہوئے کپڑے کے بارے میں حکم
شرکتِ عمل میں کیا برابر کا وقت دینا ضروری ہے؟
کرایہ پر لی ہوئی چیز آگے کرایہ پردینا کیسا؟