ٹھیکیدار اگر اُجرت نہ دے تو اس کا سامان اٹھالینا کیسا؟

مجیب:مفتی علی اصغرصاحب مدظلہ العالی

تاریخ اجراء:ماہنامہ فیضان مدینہ ذوالقعدۃالحرام1440ھ

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

    اگر ٹھیکیدار لیبر(Labor) کے پیسے کھاجائے تو کیا ٹھیکیدار کا کوئی سامان اٹھا کر لے جاسکتے ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    دریافت کی گئی صورت میں بہتر یہ ہے کہ ٹھیکیدار سے ہی کلیم (Claim) کریں اس کے پاس جائیں اسے بار بار یاد دلائیں اور اس سے تقاضا کریں۔ورنہ اگر اس کو بتائے بغیر اس کی چیز اٹھالیں گے تواول تو اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں کہ جو چیز آپ اٹھائیں وہ اتنی ہی مالیت کی ہو جتنے پیسے آپ کے باقی ہیں، دوسری بات یہ ہے کہ اس طرح چیز اٹھانے کو لوگ یہی کہیں گے کہ آپ نے چوری کی ہے ، وہ یہ نہیں سمجھیں گے کہ جو پیسے دینا باقی رہ گئے تھے اس کے عوض میں یہ چیز لی ہے، یوں آپ کے اوپر تہمت آئے گی۔ لہٰذا اس طریقے سے خود بخود معاملہ ڈیل (Deal) نہ کریں یہی زیادہ بہتر ہے بلکہ جس کے پاس پیسے ہیں اسی سے تقاضا کریں یوں چوری چھپے چیزیں لے جانے سے فساد کا دروازہ کھلے گا۔البتہ اصل حکم یہ ہے کہ اگر کسی نےدوسرے پر نکلنے والے اپنے مالی حق کو جائز راستے سے وصول کیا تو آخرت میں اس پر گرفت نہ ہوگی۔ چنانچہ فتاویٰ رضویہ جلد اول پر حاشیہ میں موجود فوائدکے تحت یہ مسئلہ لکھا ہے:”جس کے کسی پر مثلاً سو روپے آتے ہوں کہ اس نے دبالئے یا اورکسی وجہ سے ہوئے اور اسے اس سے روپیہ ملنے کی امید نہیں تو سو روپے کی مقدار تک اس کا جو مال ملے لے سکتا ہے۔آج کل اس پر فتویٰ دیا گیا ہے مگر سچے دل سے بازار کے بھاؤ سے سو ہی روپے کا مال ہو، زیادہ ایک پیسہ کا ہو تو حرام دَر حرام ہے۔“

(فتاویٰ رضویہ،ج 1،ص 167)

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم