سُنار کے ساتھ اِنویسٹمنٹ کی ایک نئے انداز کی صورت

مجیب:  مفتی علی اصغرصاحب مدظلہ العالی

تاریخ اجراء: ماہنامہ فیضان مدینہ رجب المرجب 1440ھ

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ میرا سونے کا کاروبار ہے تو کچھ لوگ ہمارے پاس اِنویسٹمنٹ (Investment) کرنے آتے ہیں اور  اِنویسٹ ا س حساب سے کرتے ہیں کہ  مثلاً ہمیں ایک تولہ پرڈھائی ہزار روپے  پرافٹ(Profit) ہوتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ آپ ہمارے دس لاکھ روپے چھ ماہ کے لئے انویسٹ کرلیں، آپ خود سامان لائیں خود ہی بیچیں اور ہر ماہ پچیس سو کے حساب سے ہمیں نفع دے دیں۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ اس شخص کو مہینے بعد پیسے واپس کر دیئے جائیں اور وہ دوبارہ ہمیں سامان لاکر دے تب اسے پرافٹ دیں؟یا ماہانہ ہم سامان لے آئیں  اور ہر مہینے اس کو پرافٹ دیں ؟ اس کا جائز طریقۂ کار کیا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    جو صورت سوال میں بیان کی گئی  ہے یہ  تو ناجائز طریقے پر مشتمل ہے لیکن اس کو  نیچے بیان کئے گئے اصولوں کی روشنی میں درست کر لیا جائے تو جائز ہو جائے گی۔

    پوچھی گئی صورت میں اگر آپ کے پیسے نہیں لگے ہیں  بلکہ آپ کی صرف محنت ہے اور پیسے دوسرے فریق کے لگے ہیں تو یہ صورت مُضاربت کی ہے  کہ ایک کا پیسہ اور دوسرے کا کام، اگرچہ پوری دکان آپ کی ہے لیکن  ان دس لاکھ روپے سے جو سونا آپ خریدکر بیچیں گے تو اس چھوٹے سے کام میں مضاربت کے طور پر دو افراد کا الگ سے کام کرنا پایاجائےگا۔

    مضاربت کے ویسےتو بہت سارے اصول و ضوابط ہیں لیکن پوچھی گئی صورت کے تَناظُر میں کچھ اہم اصول ملاحظہ فرمائیں۔

پہلا اصول مضاربت کو مہینوں سے مؤقّت کیا جاسکتا ہے کہ چھ مہینے کے لئے ڈیل ہورہی ہے یا سال کے لئے ہورہی ہے اور اس سے پہلے ختم بھی کیا جاسکتا ہے کیونکہ جب بھی کوئی آدمی مل کر کسی کے ساتھ کا م  کرتا ہے تو حساب کتاب کرنا ان کے مابین  انڈراسٹینڈنگ (Understanding) پرمنحصر ہوتا ہے کہ وہ ہر مہینے حساب کریں یا ہر ہفتے حساب کریں، جوٹائم طے کریں گے اس پر وہ حساب کریں گے۔بعض دفعہ ہر مہینے نفع ہونا ممکن ہوتا ہے بعض اوقات ہو سکتا ہے کہ نفع ہی نہ ہو۔

دوسرا اصولپوچھی گئی صورت میں دکاندار کا اپنا بھی مستقل کام ہے لہٰذا یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ اِنویسٹر (Investor،سرمایہ کار)کے پیسوں سے جو کاروبار ہوگا اس کی بُک الگ بننی چاہئے اور اس کا حساب دکان کے دیگر مال سے بالکل علیحدہ  ہونا چاہئے۔بہت سارے لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اِنویسٹر سے رقم تو لے لیتے ہیں لیکن اس سے قرضے ادا کر دیتے ہیں یا اِدھر اُدھر کے کاموں میں لگا دیتے ہیں اور سامنے والے کو خوش کرنے کے لئے جیب سے نفع دے دیتے ہیں۔ایسا بھی ہوتا ہے کہ انویسٹر کی رقم سےمال تو خرید لیتے ہیں لیکن نفع و نقصان کا حساب نہیں رکھتے اور اندازے سے اس کو ایک فِکْس نفع یا اپنی مرضی سے کم زیادہ کر کے نفع دے دیتے ہیں، یہ دونوں طریقے ناجائز ہیں۔

تیسرا اصولیہ بھی ذہن میں رہے کہ اگر انویسٹر کے ساتھ چھ ماہ کی مدّت مقرر کر کے مضاربت کی  تب بھی اسے آگے بڑھا یا جاسکتاہے کیونکہ ہوسکتا ہے کہ جب چھ مہینے پورے ہوں اس وقت تک مال دکان میں ہی موجود ہو، فروخت نہ ہوا ہو۔ لہٰذا آخری ڈِیل (Deal) کا جو مال ابھی فروخت نہیں ہوا، اس کے فروخت ہونے کا انتظار کیا جائے گا پھر آپ کلوزِنگ (Closing) کریں گے، مزید جاری رکھنا چاہیں تو جاری رکھیں ختم کرنا چاہیں تو  ختم کر دیں۔

چوتھا اصول نفع تَناسُب کے اعتبار سے طے ہوگا کہ اتنے فیصد نفع دکاندار  کا اور اتنے فیصد دوسرے کا۔سوال میں جو ذکر کیا گیا کہ ایک تولے پر پچیس سو کا نفع ہوجاتا ہےتو مضاربت میں یہ طے نہیں ہوگا کہ اتنے تولے پر اتنا نفع ملے گا بلکہ مُضارِب یعنی انویسٹ لے کر کام کرنے والے کی ذمہ داری ہے مال لانا اور اس کو بیچنا، اس تجارت پر جو نفع ہوگا اس میں سے جو تناسب دونوں فریق نے مقررکیا ہے اس کے مطابق دونوں اپنا نفع تقسیم کریں گے۔

    بہت سارے لوگوں کو یہ معلوم ہی نہیں ہوتا کہ نفع کیا ہوتا ہے اسی بنا پر مضاربت میں بعض اوقات انویسٹر دعویٰ   کر رہا ہوتا ہے کہ اسے کچھ نہیں مل رہا اور بعض اوقات کام کرنے والے کا شکوہ ہوتا ہے کہ اس کو گھر چلانا ہے اور آمدنی چاہیے۔

    مضاربت شروع ہونے کے بعد جب کام ہوگا، مال خریدا جائے گا، پھر وہ مال بکے گا تو اخراجات کو نکال کر دیکھا جائے گا کہ جتنے کا مال تھا اگر اس سے زیادہ رقم بن رہی ہےتو زائد رقم نفع کہلائے گی ، اگر اخراجات زیادہ ہوئے اور جتنے کا مال خریدا گیا اس کے برابر یا اس سے کم رقم بن رہی ہو تو نفع ہونا نہیں کہلائے گا۔

    ایسے کاروبار میں ایک ایک چیز کا حساب رکھنا ضروری ہے تاکہ اس کو سامنے رکھ کر نفع ہونے یا نہ ہونے کا تعیّن کیا جاسکے۔

پانچواں اصول اگر نقصان ہو تو اس کو نفع کی طرف پھیریں گے یعنی  سَرمائے کو  نقصان سے بچائیں گے حتّٰی کہ جو کچھ نفع دونوں فریق حاصل کر چکے ہوں،وہ واپس کریں گے تاکہ پہلے نفع سے نقصان پورا ہو۔ اگر نقصان زیادہ ہو کہ نفع سے بھی پورا نہ ہوسکتا ہو توپھر نقصان کو سَرمائے کی طرف پھیرا جائے گا اور اس مَرحَلے پر ظاہر ہے کہ مالی نقصان  تنہا انویسٹر کو ہی برداشت کرنا ہوگاجبکہ کام کرنے والے کی محنت رائیگاں جائے گی۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم