ناپاک دودھ یا تیل بیچنا کیسا؟

مجیب:مفتی علی اصغر صاحب مدظلہ العالی

تاریخ اجراء:ماہنامہ فیضان مدینہ  رمضان المبارک 1442 ھ مئی

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ ہماری دودھ کی دکان ہے ، کبھی ایسا ہوتا ہے کہ دودھ میں کوئی ناپاک چیز گرجاتی ہے اور دودھ ناپاک ہوجاتا ہے۔ یہ ارشاد فرمائیں کہ وہ ناپاک دودھ گاہک کو بیچنا کیسا ہے؟یہ مسئلہ بسا اوقات پرچون والوں کو بھی پیش آتا ہے کہ ان کے تیل وغیرہ میں بھی چوہا مر جاتا ہے لہٰذا دونوں کے متعلق بیان فرمادیں ۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    پوچھی گئی صورت میں ناپاک دودھ یا ناپاک تیل بیچنا جائز نہیں کیونکہ عموماً لوگ کھانے پینے میں استعمال کرنے کے لئے ہی دودھ یا تیل خریدتے ہیں نیز دودھ یا تیل کا ناپاک ہونا عیب ہے اورعیب دار چیز عیب بتائے بغیر بیچنا جائز نہیں۔ ہاں اگر خریدار کو اس کا ناپاک ہونا بتاکربیچیں تاکہ خریدار ناپاک دودھ یا تیل کوجائز طریقے سےاستعمال کرے تو پھر بیچنا ، جائز ہے۔

    حضرت سیدنا عقبہ بن عامر  رضی اللہُ عنہ  سےروایت ہے کہ رسولِ اکرم  صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم  نے ارشاد فرمایا : “ المسلم اخو المسلم ولا يحل لمسلم باع من اخيه بيعا فيه عيب الا بينه له “ یعنی مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں لہٰذا کسی مسلمان کو یہ جائز نہیں ہے کہ وہ اپنے بھائی کوعیب دار چیزکا عیب بتائے بغیر بیچے ، ہاں عیب بتا کر بیچنا جائز ہے۔

 (ابن ماجہ ، ص162)

    صدر الشریعہ بدرالطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں : ’’تیل ناپاک ہوگیااس کی بیع جائز ہے اور کھانے کے علاوہ اس کو دوسرے کام میں لانا بھی جائز ہے ، مگر یہ ضرور ہے کہ مشتری کو اس کےنجس ہونےکی اطلاع دےدے تاکہ وہ کھانے کے کام میں نہ لائے اور یہ بھی وجہ ہےکہ نجاست عیب ہے اور عیب پر مطلع کرنا ضرور ہے۔ “

(بہارِ شریعت ، 2 / 707)

    ایک مقام پر لکھتے ہیں : ’’مبیع میں عیب ہو تو اس کا ظاہر کردینا بائع پر واجب ہے ، چھپانا حرام وگناہِ کبیرہ ہے۔ “

 (بہارِ شریعت ، 2 / 673)

وَاللہُ اَعْلَمُ  عَزَّوَجَلَّ  وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم