Jis Nokri Me Namaz Reh Jati Ho Wo Nokri Karna Kaisa

جس نوکری  میں نمازچھوٹتی ہو    وہ نوکری کرنا

مجیب: عبدہ المذنب محمد نوید چشتی عفی عنہ

فتوی نمبر:WAT-771

تاریخ اجراء:2ذوالقعدۃالحرام1443ھ2/0جون2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

    میں ریلوے میں جاب کرتا ہوں، لیکن یہاں بہت زیادہ ڈیوٹی دینی پڑتی ہے، نائٹ ڈیوٹی بھی ہوتی ہے حتی کہ 15 گھنٹے بھی ڈیوٹی کرنی پڑتی ہے اور نمازیں بھی رہ جاتی ہیں اور بہت کمزوری ہو جاتی ہے ، تو اس صورت میں کافی پریشان ہوں، مجھے جاب جاری رکھنی چاہیے یا چھوڑ دینی چاہیے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    حلال کمائی کے لیے نائٹ شفٹ   میں بھی کام کیا جا سکتا ہے، جبکہ  کام جائز  ہو اور اس کے ایگریمنٹ میں کوئی ناجائز شرط بھی نہ ہو، نیز اس کی وجہ سے فجر یا دیگر نمازوں  میں سستی وغیرہ کا معاملہ  نہ ہو۔اگرکام ناجائز ہو یا ایگریمنٹ میں کوئی ناجائز شرط ہو یا  اس کی وجہ سے فجر یا دیگر نمازیں قضا ہوں وغیرہ ، تو ایسی نوکری کی ہی اجازت نہیں ہو گی، لہٰذا اس تفصیل کے مطابق اگر آپ کی نوکری کی ٹائمنگ اس طریقے سے ہو جائے کہ نمازوں کی ادائیگی میں رکاوٹ  نہ بنے ، تو آپ نوکری کر سکتے ہیں، جبکہ ممانعت کی کوئی اور وجہ  موجود نہ ہو،  لیکن اگر  ڈیوٹی کی وجہ سے نمازیں قضا ہوں اور ڈیوٹی کا وقت بھی چینج نہ ہو سکتا ہو، نہ ہی اس میں تخفیف کی صورت ہو سکتی ہو، تو آپ کو یہ نوکری کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، بلکہ حکم ہو گا کہ اس نوکری کو چھوڑ کر ایسی حلال نوکری تلاش کریں کہ جس میں رزق حلال کے ساتھ ساتھ دیگر فرائض و واجبات  کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔اللہ تعالی پربھروسہ رکھیے ،یقینارزق وہی دینے والاہے اوربے شک وہ بہترسبب بنانے والاہے۔قرآن پاک میں ارشادخداوندی ہے :)وَ مَنْ یَّتَّقِ اللّٰهَ یَجْعَلْ لَّهٗ مَخْرَجًاۙ(۲) وَّ یَرْزُقْهُ مِنْ حَیْثُ لَا یَحْتَسِبُؕ-وَ مَنْ یَّتَوَكَّلْ عَلَى اللّٰهِ فَهُوَ حَسْبُهٗؕ-)ترجمہ کنزالایمان: اور جو اللہ سے ڈرے اللہ اس کے لیے نجات کی راہ نکال دے گا اور اسے وہاں سے روزی دے گا جہاں اس کا گمان نہ ہو اور جو اللہ پر بھروسہ کرے تو وہ اسے کافی ہے۔(سورۃ الطلاق،پ28،آیات2،3)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم