Tuition Parhane Wale Ko Chutti Wale Din Ka Ijarah Lena Kaisa Jis Din Ghar Walo Ne Khud Chutti Karwai Ho ?

جس دن بچے نےخود چھٹی کی اس دن کی اجرت لینے کا حکم ؟

مجیب:مولانا شفیق صاحب زید مجدہ

مصدق:مفتی قاسم صاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر:Aqs:1037

تاریخ اجراء:27 رجب المرجب 1438ھ/25 اپریل 2017ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

     کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ میں مختلف گھروں میں جاکر ٹیوشن پڑھاتا ہوں میرا ان کے ساتھ وقت طے ہے یعنی آدھا گھنٹہ اور بعض کے ساتھ ایک گھنٹہ ،کبھی میں ان کے گھر جاتا ہوں تو وہ پڑھانے سے منع کردیتے ہیں کہ آج مہمان آئے ہوئے ہیں یا بچے سو رہے ہیں یا ہم نے کہیں جانا ہے وغیرہ تو بچوں کو اس دن پڑھا نہیں پاتا ،لیکن مہینے کے آخر میں مجھے وہ اجرت پوری دے دیتے ہیں تو یہ پوری اجرت لینا جائز ہے یا نہیں ؟اور کبھی میں بھی چھٹی کرلیتا ہوں لیکن وہ کاٹتے نہیں ہے بلکہ پوری سیلری دے دیتے ہیں تو وہ لینا کیسا ہے ؟

سائل:قاری طفیل احمد(منظور کالونی، کراچی)

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     پوچھی گئی صورت میں سر پرست آپ کو تنخواہ سمیت چھٹی دینے پر خود راضی ہے اور عموما ایسا ہی ہوتا ہے لہذاوہ اجرت لینا بالکل جائز ہے اوراگر سرپرست صرف چھٹی دینے پر راضی ہے ،تنخواہ پر نہیں تو ایسی صورت حال میں دیکھا جائے گا کہ آپ نے اپنے آپ کومقام اجارہ پر اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے تسلیم کردیا ہے یا نہیں ؟اگر تسلیم نفس کردیا یعنی جتنا وقت وہاں گزارنا تھا وہ گزاراتو پھر اجرت ملے گی اگرچہ پڑھایا نہ ہو کیونکہ اس میں آپ کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور یہ ایسے ہی ہوگیا جیسے معلم مدرسہ میں حاضر ہے مگر پڑھنے کے لئے کوئی طالبعلم ہی نہیں آیا اور اگر آپ کی طرف سے تسلیم نفس نہ ہوا ہو تو پھر اجرت کے مستحق نہیں ۔

     یونہی اگر آپ نے خود ہی اپنی مرضی سے کوئی چھٹی کی تو اس دن کی تنخواہ لینا جائز نہیں ،البتہ اگر سرپرست کے علم میں ہوتے ہوئے بھی وہ اپنی مرضی سے پوری تنخواہ دیدے تو یہ لینا جائز ہے ،اور اگر انہیں چھٹیوں کا علم نہیں ہے تو پھر لینا جائز نہ ہوگا لہذا مکمل صورتحال سے انہیں آگاہ کردیا کریں ،اس کے باوجود بھی وہ راضی خوشی پوری تنخواہ دیتے ہیں اور کٹوتی نہیں کرتے تو یہ رقم لینے میں حرج نہیں ہے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم