Yasrab Ka Matlab Aur Madina Ko Yasrab Kehna ?

یثرب کامعنی اورمدینہ پاک کویثرب کہنا

مجیب: مولانا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-607

تاریخ اجراء: 30رجب المرجب  1443ھ/04مارچ 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   یثرب کے کیا معنی ہیں؟کہتے ہیں کہ مدینہ پاک کا پہلے نام یثرب تھا کیا یہ درست ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   یثرب کالفظ فسادوملامت کی خبردیتاہے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مدینہ طیبہ تشریف آوری سے قبل اس کا نام "یثرب تھا"۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ طیبہ میں سکونت اختیار فرمانے کے بعد اس شہر کا نام تبدیل فرمایا اور اسے یثرب کہنے سے منع فرمایا،لہذامدینہ منورہ طیبہ طابہ کے لیے لفظ” یثرب “استعمال کرناناجائزوممنوع ہے اور کرنے والاگنہگارہےاس پرتوبہ کرنالازم ہے ۔

   رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم فرماتے ہیں:" من سمی المدینۃ یثرب فلیستغفر اﷲ ھی طابۃ ھی طابۃ"ترجمہ: جو مدینہ کو یثرب کہے اس پر توبہ واجب ہے۔ مدینہ طابہ ہے مدینہ طابہ ہے۔(مسنداحمد،حدیث البراء بن عازب،ج30،ص483،موسسۃ الرسالۃ)

   علامہ مناوی تیسیر شرح جامع صغیر میں فرماتے ہیں :" فتسمیتھا بذٰلک حرام لان الاستغفار انما ھو عن خطیئۃ (حم عن البراء) ابن عازب باسناد صحيح" یعنی اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مدینہ طیبہ کا یثرب نام رکھنا حرام ہے اس لیے کہ (یثرب کہنے سے استغفار کاحکم فرمایا اور) استغفار گناہ ہی سے ہوتی ہے۔اسے مسنداحمدمیں حضرت براء بن عازب رضی اللہ تعالی سے سندصحیح کے ساتھ روایت کیاگیاہے ۔(التیسیربشرح الجامع الصغیر،ج02، ص424،مکتبۃ الامام الشافعی،الریاض)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم