Kalma Shareef Ke Sath Darood Pak Parhna

کلمہ شریف کے ساتھ درود پاک پڑھنا

مجیب:ابو حفص مولانا محمد عرفان  عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-360

تاریخ اجراء:24جُمادَی الاُولٰی1443ھ/29دسمبر2021ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا کلمہ شریف کے آخر میں جب نامِ اقدس آئے تو درود پاک پڑھنا ہو گا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نامِ پاک حضور پُرنور سیّد عالم صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم مختلف جلسوں میں جتنی بار لے یا سنے ہر بار درود شریف پڑھنا واجب ہے اگر نہ پڑھے گا گنہگار ہوگا اور سخت وعیدوں میں گرفتار ،تواس کے مطابق کلمہ شریف مختلف جلسوں میں جتنی بارپڑھے یاسنے ہرباردرودشریف پڑھناواجب ہے ۔

   ہاں اس میں اختلاف ہے کہ اگرایک ہی جلسہ میں چند بار نامِ  پاک لیا یا سُنا تو ہر بار واجب ہے یا ایک بار کافی اور ہر بار مستحب ہے، بہت علما قولِ اول کی طرف گئے ہیں، ان کے نزدیک ایک جلسہ میں ہزار بار کلمہ شریف پڑھے تو ہر بار درود شریف بھی پڑھتا جائے، اگر ایک بار بھی چھوڑ ا گنہگار ہُوا مجتبٰی ودُرمختار وغیرہما میں اس قول کو مختار واصح کہا۔

   دیگر علمانے بنظر آسانیِ امت قولِ دوم اختیار کیا ،ان کے نزدیک ایک جلسہ میں ایک بار درودپڑھ لینے سے واجب اداہوجائے گا، زیادہ کے ترک سے گنہگار نہ ہوگا مگر ثوابِ عظیم و فضلِ جسیم سے بیشک محروم رہا، کافی وقنیہ وغیرہما میں اسی قول کی تصحیح کی۔

   بہر حال مناسب یہی ہے کہ ہر بار "صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم "کہتا جائے کہ ایسی چیز جس کے کرنے میں بالاتفاق بڑی بڑی رحمتیں برکتیں اور نہ کرنے میں بلا شبہ بڑے فضل سے محرومی اور ایک مذہب قوی پر گناہ ومعصیت عاقل کا کام نہیں کہ اُسے ترک کرے۔(ملخصاازفتاوی رضویہ)

   نوٹ: اگر نام اقدس ليا يا سنا اور درود شریف اس وقت نہ پڑھا تو کسی دوسرے وقت میں اس کے بدلے کا پڑھ لے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم