Waqt Dekhne Ke Liye Aurat Ka Sone Ki Ghadi Pehenna

وقت دیکھنے کے لئےعورت کا سونےکی گھڑی پہننا

مجیب: فرحان احمد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-350

تاریخ اجراء: 20ذوالحجۃالحرام1443 ھ/20جولائی 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیاوقت دیکھنے کے لئےعورت سونے کی گھڑی پہن سکتی ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   سونے چاندی کی گھڑی خواہ چین کے ساتھ ہو یا صرف ڈائل سونے چاندی کا ہو،وقت دیکھنے کےلئےاس کا استعمال عورت کے لئے بھی جائز نہیں ۔

   فتاوی رضویہ میں امامِ اہلسنت الشاہ امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ سے سونے چاندی کی گھڑیوں اور چراغ کے بارے میں پوچھا گیا،تو آپ نے فرمایا:’’دونوں ممنوع ہیں،علامہ سید احمد طحطاوی حا شیہ ٔدرمختارمیں فرماتے ہیں:قال العلامۃ الوانی المنھی عنہ استعمال الذھب والفضۃ اذا لاصل فی ھذا الباب قولہ علیہ الصلوٰۃ والسلام ھذان حرامان علی ذکور امتی حل لاناثھم ولما بین ان المراد من قولہ حل لاناثھم مایکون حلیا لھن بقی ماعداہ علی حرمتہ سواء استعمل بالذات اور بالواسطۃاھ واقرہ العلامۃ نوح وایدہ باطلاق الاحادیث الواردۃ فی ھذا الباب اھ ابوالسعود منہ تعلم حرمۃ استعمال ظروف فناجین القھوۃ والساعات من الذھب والفضۃاھ ملخصایعنی علامہ الوانی نے فرمایا کہ سونے چاندی کا استعمال ممنوع ہے،اس لئے کہ اصل اس باب میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا یہ ارشاد ہے :یعنی سونا چاندی دونوں میری امت کے مردوں پر حرام ہیں،البتہ ان کی عورتوں کے لئے حلال ہیں،اور جب یہ بیان کیا گیا کہ حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے ارشاد ’’حل لاناثھم‘‘سے مراد وہ سونا چاندی ہے، جو عورتوں کے لئے بطور زیور ہو،تو پھر اس کے علاوہ باقی سونا چاندی خواہ بالذات استعمال کیا جائے یا بالواسطہ ،اپنی حرمت پر رہے گااھ،علامہ نوح نے اسی کو برقرار رکھا اورمطلق حدیثوں سےاس کی تائید کی ،جو اس باب میں وارد ہوئی ، ابو سعود کی عبارت پوری ہوئی، لہٰذا اس سے قہوہ کی پیالیوں اور سونے چاندی کی گھڑیوں کی حرمت معلوم ہوئی۔ملخصا۔(فتاوی رضویہ،جلد22،صفحہ145،رضا فاؤنڈیشن،لاھور)

   ایک اور مقام پر امامِ اہلسنت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :’’سونے کی گھڑی یاچاندی کی گھڑی میں وقت دیکھنا مردوعورت سب کو حرام ہے ۔‘‘(فتاوی رضویہ،جلد22،صفحہ129، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم