Sadqa Karte Waqt Kya Niyat Honi Chahiye ?

صدقہ کرتے وقت کیا نیت ہونی چاہیے ؟

مجیب: مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1930

تاریخ اجراء:04صفرالمظفر1445ھ/22اگست2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میں یہ  پوچھنا چاہ رہا ہوں کہ صدقہ دیتے وقت دل میں کیا نیت ہونی چاہیے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جتنی اچھی اچھی نیتیں زیادہ ہوں گی، اتنا ثواب زیادہ ملے گا ، صدقے کی مناسبت سے  چند اچھی اچھی  نیتیں  درج کی جا رہی ہیں، اس میں سے حسب موقع     زیادہ سے زیادہ  نیتیں کر لیا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ ثواب ہاتھ آئے ۔

   صدقہ دینے سے پہلے درج ذیل نیتیں کی جاسکتی ہیں:

    (1)اللہ ربُّ العزت کا قرب حاصل کروں گا۔ (2) اپنےآپ کو ربّ تعالٰی کی ناراضی سےبچاؤں گا۔ (3) خود کوجہنم کی آگ سےمحفوظ کروں گا۔ (4)  مسلمان بھائیوں پررحم کروں گا۔ (5) اپنےعزیزواقارب کودے رہے ہوں تو یہ نیت کی جا سکتی  ہے کہ ان کےساتھ صلہ رِحمی کروں گا۔ (6)  مالی طورپرکمزورلوگوں کی مددکروں گا۔ (7)  حضور صاحِبِ جودوعطا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی متابعت وپیروی کروں گا۔ (8)  اپنے مسلمان بھائیوں کےدلوں میں خوشی داخل کروں گا۔ (9) اپنے آپ سے اور تمام مسلمانوں سےبلائیں دورکروں گا۔ (10)  اللہ تعالٰی کے دیئے ہوئےرزق میں سے خرچ کروں گا۔ (11) نفس وشیطان کو زیر کروں گا۔(کتاب النیات ترجمہ بنام بہار نیت، صفحہ113 ،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم