Roti Par Sabzi Rakh Kar Khane Ka Hukum

روٹی پر سبزی رکھ کر کھانے کا حکم

مجیب:مولانا ذاکر حسین عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2699

تاریخ اجراء: 25شوال المکرم1445 ھ/04مئی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   روٹی پرسبزی رکھ کرکھانا،یاایسےکسی کوٹفن میں ڈال کردیناکیسا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   روٹی پرسبزی یاپھرکوئی سالن وغیرہ رکھ کرکھاسکتےہیں،البتہ کچھ لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ سالن کی پلیٹ روٹی پر رکھتے ہیں یا نمک کی ڈبیا رکھتے ہیں تو ان کوایسانہیں کرناچاہیے لیکن اگروہ رکھتے ہیں تو یہ بھی ناجائز نہیں مگر ادب بہتر ہے۔

   فتاوی ہندیہ میں ہے” ويجوز وضع كاغد فيها ملح على الخبز ووضع البقول عليه“ترجمہ:اوروہ کاغذ جس میں نمک ہواسےروٹی پررکھناجائزہے،اسی طرح سبزی کوروٹی پر رکھنا جائز ہے۔(فتاوی ھندیۃ،ج 5،ص 341، دار الفکر،بیروت)

   بہارشریعت میں ہے” روٹی پر کوئی چیز نہ رکھی جائے، بعض لوگ سالن کا پیالہ یا چٹنی کی پیالی یا نمک دانی رکھ دیتے ہیں، ایسا نہ کرنا چاہیے،نمک اگر کاغذ میں ہے تو اسے روٹی پر رکھ سکتے ہیں۔(بہار شریعت،ج 3،حصہ 16،ص 377،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم