Parinde Ka Naam Rakhna Kaisa Hai ?

پرندے کا نام رکھنا کیسا؟

مجیب:مولانا ذاکر حسین عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2748

تاریخ اجراء: 20ذیقعدۃالحرام1445 ھ/29مئی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میرے پاس ایک طوطا ہے ،کیا میں اس کا نام براق رکھ سکتا ہوں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی ہاں! آپ اپنے طوطے کا نام براق رکھ سکتے  ہیں ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی  اپنی سواریوں اور دیگر چیزوں کے نام رکھنا ثابت ہے،جیساکہ المعجم الکبیر للطبرانی میں ہے” عن ابن عباس، قال: «كان لرسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم سيف ۔۔۔ وكان يسمى ذا الفقار، وكانت له قوس يسمى السداد۔۔۔ وكانت له درع ۔۔۔ يسمى ذات الفضول، وكانت له حربة تسمى النبعاء۔۔۔ وكان له فرس أدهم يسمى السكب، وكان له سرج يسمى الداج، وكانت له بغلة شهباء يقال لها دلدل، وكانت له ناقة تسمى القصواء، وكان له حمار يسمى يعفور“ترجمہ:حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنھما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی تلوار کا نام ذو الفقار تھا،آپ کے تیرکمان کا نام سداد تھا،آپ کی زرع کا نام ذات الفضول تھا، آپ کے نیزے کا نام نبعاء تھا،آپ کے سیاہ گھوڑے کا نام سکب تھا،آپ کی زین کا نام داج تھا،آپ کے سیاہی مائل سفید خچر کا نام دلدل تھا،آپ کی اونٹنی کا نام قصواء تھا،اور آپ کے دراز گوش کا نام یعفور تھا۔(المعجم الکبیر،ج 11،ص 111، مطبوعہ قاھرۃ)

   " نام رکھنے کے احکام "نامی کتاب میں ہے:"رسول بے مثال ،بی بی آمنہ کے لال صلی اللہ علیہ وسلم کی سواری کے گھوڑوں کے نام "لحیف(لمبی دم والا)"،"ظرب(مضبوط و طاقتور)"،لزاز(تیزرفتار)" اور سیاہ گھوڑا تھا جسے سکب (تیز رفتار) کہا جاتاتھا ،اور زین کانام داج (کشادہ) تھا، ایک سیاہی مائل سفید خچر تھا جسے "دلدل" کہا جاتا تھا ،ایک اونٹنی جسے قصواء (تیز چلنے والی) کے نام سے موسوم کیا جاتا تھا جبکہ دراز گوش کا نام یعفور (تیز رفتار)"تھا۔(نام رکھنے کے احکام ،ص 111، مکتبۃ المدینہ ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم