مجیب:مولانا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-3133
تاریخ اجراء:26ربیع الاوّل1446ھ/01اکتوبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا حنفی علمائے کرام کے نزدیک نکسیر کے خون یا پیشاب کے ساتھ آیات قرآنیہ كے لکھناجائزہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
حنفی علمائے کرام کے نزدیک کسی ناپاک چیزمثلا خون اور پیشاب وغیرہ کے ساتھ آیات قرآنیہ لکھنا ناجائز وحرام ہے۔
علامہ شامی رحمہ اللہ اپنی کتاب "عقود اللآلی فی الاسانید العوالی" کے خاتمہ میں اپنے شیخ کے حوالے سے خون کے ساتھ کتابت ِ قرآن کے ناجائز ہونے کا ذکرکرتے ہوئے فرماتے ہیں:”يكتب للرعاف على جبهة المرعوف﴿ وَ قِیْلَ یٰۤاَرْضُ ابْلَعِیْ مَآءَكِ وَ یٰسَمَآءُ اَقْلِعِیْ وَ غِیْضَ الْمَآءُ وَ قُضِیَ الْاَمْرُ ﴾ ولا يجوز كتابتها بدم الرعاف كما يفعله بعض الجهال لأن الدم نجس فلا يجوز أن يكتب به كلام الله تعالى“ترجمہ:نکسیر کو روکنے کے لئے مبتلا شخص کے ماتھے پر یہ آیت لکھی جاتی ہے: ﴿ وَ قِیْلَ یٰۤاَرْضُ ابْلَعِیْ مَآءَكِ وَ یٰسَمَآءُ اَقْلِعِیْ وَ غِیْضَ الْمَآءُ وَ قُضِیَ الْاَمْرُ ﴾،جب کہ نکسیر کے خون کے ساتھ یہ آیت لکھنا ناجائز ہے، جیسا کہ بعض جاہل لو گ ایسا کرتے ہیں،کیونکہ خون ناپاک ہے، تو اس کے ساتھ اللہ تعالی کا پاک کلام لکھنا جائز نہیں۔(عقود اللآلی فی الاسانید العوالی،صفحہ509،دار البشائر الاسلامیہ)
مرغ کے خون سے تعویذ لکھنے کے ناجائز ہونے کے بارے میں امام اہلسنت امام احمد رضا خان رحمہ اللہ فرماتے ہیں:”دفع صرع وغیرہ کے تعویذ کہ مرغ کے خون سے لکھتے ہیں یہ بھی ناجائزہے۔ اس کے عوض مشک سے لکھیں۔“(فتاوی رضویہ ،جلد24،صفحہ 196،رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
در مختار میں ہے"وفي البحر:لا يجوز التداوي بالمحرم في ظاهر المذهب"ترجمہ:بحر الرائق میں ہے کہ مذہبِ حنفی ظاہر الروایہ میں حرام چیز سے علاج کرنا جائز نہیں۔ (الدرالمختار مع رد المحتار،کتاب النکاح،باب الرضاع،ج 3،ص 211،دار الفکر،بیروت)
نوٹ: یہ مسئلہ مزید تفصیل کے ساتھ سمجھنے کےلئے فتاوی رضویہ جلد 23صفحہ 340تا349 کامطالعہ کرلیاجائے۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
کنڈا لگا کر بجلی استعمال کرنے کاحکم
غیر محرم لے پالک سے پردے کا حکم
جوان استاد کا بالغات کو پڑھانےکا حکم؟
شوہر کے انتقال کے بعد سسر سے پردہ لازم ہے یانہیں؟
کیا دلہن کو پاؤں میں انگوٹھی پہنانا جائز ہے؟
مرد کا جوٹھا پانی پینے کا حکم
محرم کے مہینے میں شادی کرنا کیسا؟
موبائل ریپئرنگ کے کام کی وجہ سے ناخن بڑھانا کیسا؟