kiya Nabaligh Bachon Ka Khana Kisi Dosray Baligh Bachon Ko Khila Sakte Hain ?

کیا نابالغ بچوں کا کھانا دوسرےنابالغ بچوں کوکھلا سکتے ہیں؟

مجیب:مفتی علی اصغرصاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر:Nor:7453

تاریخ اجراء:02محرم الحرام1438 ھ/05اکتوبر2016 ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہمارے مدرسے میں بعض اوقات کچھ بچے اپنے ساتھ کھانا نہیں لاتے تو معلمات بچوں کو کہتی ہیں کہ جو بچے اپنے ساتھ کھانالائے ہیں وہ اُن بچوں کو بھی اپنے ساتھ بٹھا لیں جو کھانا نہیں لائے،حالانکہ وہ بچے نابالغ ہوتے ہیں۔ کیا یہ درست ہے کہ نابالغ بچے ایک دوسرے کا کھانا کھائیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    پوچھے گئے مسئلہ کے تعلق سے تین صورتوں کا جاننا اورسمجھنا بے حد ضروری ہے۔

    پہلی یہ کہ جو کھانا بچے گھر سے لاتے ہیں،وہ کھانابچوں کی ملکیت میں ہو،یعنی بچوں کے والدین ان کوکھانے کا مالک بنا دیتے ہوں۔اوردوسری یہ کہ بچوں کے والدین ان کو کھانے کا مالک نہیں بناتے،بلکہ صرف انہیں بچوں کے لئے کھانامباح کردیتے ہیں یعنی صرف استعمال اور خرچ کے لئے دیتے ہیں ۔تیسری صورت یہ کہ کھانا لانے والے  بچوں کے والدین ان بچوں کے ساتھ ساتھ مدرسے کے تمام بچوں کے لئے مباح کردیں۔

    پہلی صورت کا حکم یہ ہے کہ وہ کھانا بچوں کی اپنی ملکیت میں رہے گا،اُس سے کوئی اور نہیں کھاسکتا،نہ بالغ نہ نابالغ،لہٰذا اس صورت میں معلمات کا کھانا لانے والے بچوں سے یہ کہنا کہ کھانا نہ لانے والے بچوں کو بھی کھانے میں اپنے ساتھ بٹھا لیں،درست نہیں،کیونکہ بچےاپنی ملکیت میں ایساتصرف نہیں کرسکتے جس میں ان کا نقصان ہو،لہٰذا معلمات کا مذکورہ بالا الفاظ سے ترغیب دلانا جائز نہیں۔

    دوسری صورت کا حکم یہ ہےکہ وہ کھانا جو بچے اپنے ساتھ لائے ہیں،چونکہ ان کی ملک میں نہیں،بلکہ مباح ہے اور وہ بھی صرف انہیں کے لئے،لہٰذااس صورت میں بھی نہ یہ دوسرے بچوں کو اپنے ساتھ کھلا سکتے ہیں اور نہ ہی دوسرے بچے خودان کے ساتھ کھا سکتے ہیں۔لہٰذا معلمات اس صورت میں بھی مذکورہ بالا ترغیب نہیں دلا سکتیں کہ ان کا یہ ترغیب دلانا بھی جائز نہیں۔

    تیسری صورت کا حکم یہ ہےکہ کھانا نہ لانے والے بچے اگرکھانا لانے والے بچوں کے ساتھ مل کرکھائیں تو اس میں کوئی حرج نہیں ہوگا،کیونکہ ان کے والدین نے کھانا سب بچوں کے لئے مباح کیا ہوا ہے،لہٰذاشرعی طور پر اس میں کوئی حرج نہیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

 

ٹیگز : Nabaligh baligh Khana Food