Kya Shaitan Insan Ke Khwab Mein Aa Sakta Hai ?

کیا شیطان، انسان کے خواب میں آسکتا ہے؟

مجیب: مفتی محمد نوید رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2647

تاریخ اجراء: 10شوال المکرم1445 ھ/19اپریل2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا شیطان کو یہ طاقت حاصل ہے کہ وہ انسان کے خواب میں آسکتا ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی ہاں ! شیطان انسان کے خواب میں آسکتا ہے ، اور وہ اکثر  کسی دوسری شکل میں  متشکل ہو کر آتا ہے ، بلکہ علمائے کرام نے خواب کی ایک قسم القائے شیطان بیان فرمائی  ہے کہ جس میں شیطان بندے کے ساتھ خواب میں کھیلتا اور ڈراتا ہے ، اور ایسے خوابوں کو بلا ضرورت کسی دوسرے کے ساتھ شیئر نہ کیا جائے۔

    یہ بات بھی یاد رہے کہ شیطان یا جن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شکل میں نہیں آ سکتا بلکہ جس نے خواب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کی اس نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہی جلوہ دیکھا   ۔

   امام اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں:” خواب چار قسم ہے:۔۔۔ دوسرا خواب القائے شیطان ہے اور وہ اکثر وحشتناک ہوتا ہے شیطان آدمی کو ڈراتا یا خواب میں اس کے ساتھ کھیلتا ہے اس کو فرمایا کہ کسی سے ذکر نہ کرو کہ تمہیں ضرر نہ دے۔ ایسا خواب دیکھے تو بائیں طرف تین بار تھوک دے اور اعوذ پڑھے اور بہتر یہ ہے کہ وضو کرکے دو رکعت نفل پڑھے۔(فتاوی رضویہ،ج 29،ص 87،رضا فاؤنڈیشن،لاہور)

   مشکوۃ المصابیح میں ہے” عن ابی ھریرہ رضی اللہ عنہ قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم من رانی فی المنام فقد رانی فان الشیطان لا یتمثل بی “ترجمہ : حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس نے مجھے خواب میں دیکھا اس نے حقیقت میں مجھے ہی دیکھا کیونکہ شیطان میری صورت اختیار نہیں کر سکتا۔(مشکاۃ المصابیح،ج 2،ص 55،مطبوعہ کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم