Biwi Bagair Ijazat Shohar Ke Mobile Me WhatsApp messages check Karsakti Hai ?

بیوی بغیر اجازت اپنے شوہر کے موبائل میں  واٹس اپ میسجز وغیرہ چیک کرسکتی ہے ؟

مجیب: مفتی محمد ہاشم خان عطاری مدنی

تاریخ اجراء:     ماہنامہ فیضان مدینہ اکتوبر 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا بیوی اپنے شوہر کے موبائل میں واٹس اپ وغیرہ کے میسجز بغیر اجازت اس نیت سے چیک کرسکتی ہے کہ میرا شوہر کس کس سے بات چیت کرتا  رہتا ہے  ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   میاں بیوی کا رشتہ انتہائی حسّاس اور اعتماد طلب رشتہ ہے ، اگر باہم اعتماد بحال رہے تو یہ رشتہ بھی قائم اور اگر اعتماد ٹوٹ جائے تو یہ رشتہ بھی ٹوٹ جاتا ہے چھوٹے چھوٹے معاملات میں ایک دوسرے پر شک کرتے رہنا اور ایک دوسرے کےپوشیدہ معاملات کی ٹوہ میں لگے رہنا وغیرہ اس طرح کے معاملات  رشتے کو توڑدینے تک پہنچانے والے ہوتے ہیں لہٰذا رشتے کوبحال رکھنے کےلئےمیاں بیوی کاایسے معاملات سے بچنا ضروری ہے۔ سوال کا جواب یہ ہے کہ بیوی اپنے شوہر کا موبائل بغیر اجازت ہرگز چیک نہیں کرسکتی۔اس کی متعدد وجوہات ہیں :

   (1) یہ دوسرے کا خط ، میسج بغیر اجازت دیکھنا ہے اور دوسرے کا خط یا میسج بلا ضرورت بغیر اجازت دیکھنا جائز نہیں۔

   (2) یہ مسلمان کے پوشیدہ معاملات کی ٹوہ میں پڑنا ہے اور مسلمانوں کے پوشیدہ معاملات کی ٹوہ میں پڑنا جائز نہیں۔

   (3) یہ مسلمان پر بدگمانی ہے اور مسلمانوں پر بدگمانی حرام ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم