Kawe Ki Iqsam Aur Un Ka Hukum

کوے کی اقسام اور ان کے احکام

مجیب: مولانا محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1970

تاریخ اجراء: 22صفرالمظفر1445ھ /09ستمبر2023ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   سیدی اعلی حضرت نے کون سے کوے  کو کھانے کیلئے حلال قرار دیا ہے؟ میں نے سنا ہے کہ وہ کوا جس کے پاؤں اور چونچ ریڈ ہوتے ہیں وہ کھانے کے قابل حلال ہوتا ہے، وہ صرف دانے کھاتا ہے؟کیا آپ برائے  کرم واضح کر سکتے ہیں کہ کون سا  کوا حلال ہے اور کون سا حرام ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   کتب فقہ میں کوے کو غراب کے لفظ سے بیان کیا گیاہے  ،جس کی اقسام اوران کے  احکام درج ذیل ہیں :

   (الف)    عام طور پر  ہمارے علاقوں میں جو کواپایا جاتا ہے کہ اکثر سیا ہ اور اس کی گردن کی طرف  کچھ سفیدی  بھی سیاہی کے ساتھ ہوتی ہے، اسے  غراب  ِ ابقع کہاجاتا ہے، یہ خبیث پرندہ ہے، زخمی  جانوروں  پر آتاہے، پرندوں کے بچوں   کو اپنے  پنجوں  سے شکار کر کے کھاتا ہے  ،ا س کے علاوہ دانہ وغیرہ بھی  کھالیتا ہے، اس کا کھانا بالاتفاق حرام ہے۔

   (ب)اسی  حکم میں پہاڑی کوابھی داخل ہے کہ بڑااورایک رنگ کامکمل سیاہ ہوتاہے ۔

        اس کے علاوہ کوے کی دو قسمیں ہیں ان میں سے ایک کو  غراب ِ زرع یعنی کھیتی کا کوا  اور دوسرے کو عقعق کہتے ہیں۔

   (ج)غرابِ زرع(یعنی کھیتی کا کوا  ) چھوٹا سا سیاہ رنگ ہوتاہے ،اس کی چونچ اور پنجے غالباسرخ ہوتے ہیں ،یہ نہ پنجوں سے شکار کرتا ہے اور نہ ہی مردار کھاتا ہے ،یہ بالاتفاق حلال ہے ۔

   (د)عقعق ،جسامت میں کبوتر کے برابر ہوتا ہے ، اوراس کی آواز میں عین قاف جیسی آواز یعنی عق عق آتی ہے، اسی وجہ سے اس کو اہلِ عرب عقعق کہتے ہیں۔یہ گندگی اوردانہ دنکا دونوں قسم کی چیزیں کھالیتا ہے لیکن اپنے پنجوں سے شکار کرکے نہیں کھاتا ،اس کے کھانے کے بارے  میں فقہاء کرام کا اختلاف ہے ،اصح(زیادہ صحیح)یہ ہے کہ یہ حلال ہے مگرمکروہ تنزیہی ہونے میں کلام نہیں۔

   امام اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں:” دانہ خور کوا کہ صرف دانہ کھتااور نجاست کے پاس نہیں جاتا جسے غراب زرع یعنی کھیتی کا کوا کہتے ہیں، چھوٹا سا سیاہ رنگ ہوتاہے، اور چونچ اور پنجے غالبا سرخ، وہ بالاتفاق جائز ہے، اور مردار خورکوا جسے غراب ابقع بھی کہتے ہیں کہ اس کے رنگ میں سپیدی بھی سیاہی کے ساتھ ہوتی ہے بالاتفاق ناجائز ہے۔ اور اسی حکم میں پہاڑی کوا بھی داخل کہ بڑا اوریک رنگ سیاہ ہوتاہے اور موسم گرما میں آتا ہے، اور خلط کرنیوالا جسے عقعق کہتے ہیں کہ اس کے بولنے میں آواز عق عق پیدا ہوتی ہے۔ اس میں اختلاف ہے، اور اصح حل مگر کراہت تنزیہہ میں کلام نہیں۔"(فتاوی رضویہ،ج 20،ص 320،رضا فاؤنڈیشن،لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم