Jis Valime Mein Music Ho Wahan Shirkat Karna

جس ولیمےمیں میوزک ہو ، وہاں شرکت کرنا

فتوی نمبر:WAT-179

تاریخ اجراء:15ربیع الاول 1443ھ/22اکتوبر2021ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   جس ولیمےمیں  میوزک ہو ، وہاں شرکت کرنا کیسا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اولا تو یہ ذہن نشین رہے کہ شادی بیاہ کا موقع ہو یا کوئی اور، ڈھول بجانا، گانے اور میوزک چلانا، سخت ناجائز و حرام اور اللہ عزوجل کی شدید نافرمانی والے کام ہیں۔ جو جو اس کام میں شریک اور رضا مند ہوں گے، اس کے وبال میں برابر کے شریک اور عذابِ الٰہی کے مستحق قرار پائیں گے۔ حدیث پاک میں ہے: دو آوازیں دنیا و آخرت میں ملعون ہیں: (۱) نعمت کے وقت باجے کی آواز، اور (۲) مصیبت کے وقت رونے کی آواز۔ لہذا شادی بیاہ ہو یا کوئی اور موقع، اس میں ناجائز کاموں سے لازمی طور پہ بچا جائے۔

   رہا یہ معاملہ کہ شادی میں شرکت کرنی ہو، اور وہاں ناجائز کاموں کا ارتکاب پایا جائے گا، تو اس میں شرکت کرنا کیسا؟ تو اگر پہلے سے معلوم ہے کہ وہاں ناجائز کام کئےجائیں گے، تو وہاں شرکت کرنا ہی جائز نہیں۔

   اور اگر جانے کے بعد پتہ چلے کہ یہاں لغویات و ناجائز کام ہیں، تو اگر خاص اسی جگہ ہیں، جہاں پہ موجود ہیں، تو حکمتِ عملی سے روکنا ممکن ہو، تو روک دیا جائے، ورنہ واپس آ جائیں اور اگر کسی دوسری جگہ مثلاً مکان وغیرہ کے دوسرے حصے میں ہیں۔ جس جگہ کھانا کھلایا جائے گا، وہاں نہیں، تو بیٹھ سکتےہیں اور کھانا کھا سکتے ہیں۔

   البتہ اگر شرکت کرنے والے مقتدیٰ و پیشوا مثلاً علماء  و مشائخ ہوں، تو روکنے پہ استطاعت رکھتے ہوں، تو روک دیں، ورنہ وہاں نہ بیٹھیں اور کھانا نہ کھائیں، اگرچہ یہ لغویات مکان کے دوسرے حصے میں ہوں۔

   نیز یہ بھی ذہن نشین رہے کہ اگر شادی وغیرہ کے موقع پہ لغویات ہوں اور جانے والا شخص جانتا ہو کہ میرے جانے سے یہ چیزیں بند ہو جائیں گی، تو اُس کو اس نیت سے جانا چاہئے، تا کہ اس کے جانے سے منکراتِ شرعیہ روک دئیے جائیں ۔

   اور اگر معلوم ہو کہ وہاں نہ جانے سے ان لوگوں کو نصیحت ہو گی، اور پھر آئندہ ایسے موقع پہ وہ یہ حرکتیں نہ کریں گے، تواس پر لازم ہے کہ وہاں نہ جائے تا کہ لوگوں کو عبرت ہو اور وہ آئندہ ایسی حرکتوں سے باز  آ ئیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

ٹیگز : valima music Walima