Jinnat Ki Ghiza Mein Kon Kon Si Ashya Shamil Hain ?

جنات کی غذامیں کون کون سی اشیاشامل ہیں ؟

مجیب:ابو احمد محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-1194

تاریخ اجراء:27ربیع الاول1444ھ/24اکتوبر2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میں نے سنا ہے کہ جنات کی غذا ہماری غذا کی طرح نہیں ہوتی ہے وہ ہڈیاں کوئلہ ناپاکی وغیرہ کھاتے ہیں اب سوال یہ ہے کہ اگر ان کی غذا ہماری غذاکی طرح نہیں ہے پھر وہ ہمارے کھانے میں شریک کیسے ہو سکتے ہیں جو خوراک ہم کھاتے ہیں وہ اس خوراک کو کیسے کھا سکتے ہیں رہنمائی فرمائیے۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   حدیث شریف میں جنات کی غذا لید اور بوسیدہ ہڈیاں بیان ہوئی ہے یعنی ان چیزوں کو جب وہ ہاتھ میں لیتے ہیں تو ان کےلئے یہ چیزیں اپنی اصل کی طرف لوٹ جاتی ہیں ۔مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ صرف یہی غذا ہے، اس کے علاوہ وہ کچھ نہیں کھاتے بلکہ اس کے علاوہ بھی ان کی غذا ہے  جیسا کہ وہ لوبیا کھاتے ہیں اور وہ چیزیں جن میں اللہ تعالیٰ کا نام نہیں لیا جاتا۔  یہ سب احادیث میں موجود ہے۔ چنانچہ النہایۃ فی غریب الحدیث والاثر میں ہے : ” في حديث عمر رضي الله عنه «أنه سأل رجلا استهوته الجن، فقال: ما كان طعامهم؟ قال: الفول وما لم يذكر اسم الله عليه. قال: فما كان شرابهم؟ قال: الجدف»“ ترجمہ: میر المؤمنین حضرت سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک شخص جس کو جنات اٹھاکر لےگئے تھے اس سے  جنات کی غذاؤں کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے بتایا کہ :’’وہ لوبیا (نامی سبزی) کھاتے ہیں اور وہ چیزیں جن میں اللہ تعالیٰ کا نام نہیں لیا جاتا۔(مثلا بغیر بسم اللہ پڑھے کھانے والے کی غذا)پھر حضرت سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ نے ان کے پینے کے بارے میں پوچھا تو بتایا:جَدَف۔(وہ مشروب جسے ڈھکانہ گیاہو۔یاجوپھینک دیاجائے۔)(النہایہ فی غریب الحدیث والاثر، جلد1، صفحہ247، المكتبة العلمية ، بيروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم