Halal Janwar Ke Gurde Khana Kaisa ?

حلال جانور کے گردے کھانا کیسا ؟

مجیب:محمد بلال عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1758

تاریخ اجراء: 01ذوالحجۃالحرام1444 ھ/20جون2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   گائے کے kidney کھانا کیسا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   گردے کھانا،جائزہے ،لیکن مکروہ تنزیہی یعنی ناپسندیدہ ہے۔گردے کھانے کےمکروہ تنزیہی یعنی ناپسندیدہ ہونے کے بارے میں کنزالعمال میں ہے:’’کان یکرہ الکلیتین لمکانھمامن البول‘‘ترجمہ:نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم گردے کھانے کوناپسندفرماتے تھے، کیونکہ وہ پیشاب کے قریب ہوتے ہیں۔(کنزالعمال،کتا ب الشمائل،جلد07، صفحہ 41،مطبوعہ دارالکتب العلمیہ،بیروت)

   مذکورہ بالاحدیث مبارک کے تحت مفتی احمدیارخان نعیمی رحمہ اللہ تعالیٰ لکھتے ہیں:’’گردے حضورکوناپسندتھے، کیونکہ ان کاتعلق پیشاب سے ہے۔‘‘(مرآۃالمناجیح،جلد01،صفحہ254،مطبوعہ: نعیمی کتب خانہ،گجرات)

   اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ  سے سوال کیا گیا کہ ’’ گردے کھانے کا کیا حکم ہے ؟‘‘تو آپ نے  جوابا ً ارشاد فرمایا :’’جائز ہے،مگرحضوراقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے پسند نہ فرمایا،اس وجہ سے کہ پیشاب ان میں سے ہو کر مثانہ میں جاتاہے۔(ملفوظات اعلی حضرت ،حصہ 4،صفحہ460،461، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم