Ghar Mein "Aquarium Fish" Machhli Ghar Lagane ka Hukum

 

گھر میں" Aquarium Fish" یعنی مچھلی گھر  لگا نے کاحکم

مجیب:مولانا محمد شفیق عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-3058

تاریخ اجراء:11ربیع الاول1446ھ/14ستمبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا گھر میں" Aquarium Fish" یعنی مچھلی گھر  لگا سکتے ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   گھر میں ایکوریم ٹینک یعنی مچھلی گھر  لگا سکتے ہیں،اس کی کوئی ممانعت نہیں،البتہ اگر اس ٹینک کے اندر مچھلی پالیں تو ان  کے لیے پانی ، خوراک وغیرہ دیگر ضروریات  کا اہتمام  کرنا ضروری ہے،  اگر خوراک اور دیگر ضروریات  کا خیال نہ رکھا جائے تو ایسی صورت میں  اس ایکوریم ٹینک میں مچھلی پالنا جائز نہیں، کہ یہ جانور پر ظلم اور ناجائز و حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے ۔

   صحیح مسلم میں ہے”عن عبد الله، أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: عذبت امرأة في هرة سجنتها حتى ماتت فدخلت فيها النار، لا هي أطعمتها وسقتها، إذ حبستها، ولا هي تركتها تأكل من خشاش الأرض“ ترجمہ:حضرت عبد اللہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:”ایک عورت ایک بلی کے سبب عذاب میں مبتلا ہوئی کہ اس نے بلی کو قید کر رکھا حتی کہ بلی مرگئی تو وہ عورت جہنم میں داخل ہوئی، اس عورت نے نہ تو بلی کو کھانا کھلایا نہ پانی پلایا کہ قید کر رکھا تھا اور نہ چھوڑا کہ زمین سے گرا پڑا کچھ کھالیتی۔ (صحیح مسلم،رقم الحدیث 2242،ج 4،ص 1760، دار إحياء التراث العربي ، بيروت)

   رد المحتار علی الدرالمختار میں ہے”لا بأس بحبس الطیور والدجاج  فی بیتہ ولکن یعلفھا‘‘ ترجمہ: پرندوں ، مرغیوں کو گھر میں رکھنے میں کوئی حرج نہیں لیکن ان کےدانہ پانی کا خیال رکھے۔(رد المحتار علی الدر المختار،ج 6،ص 401،دار الفکر،بیروت)

   امام اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں:"اورجانوران خانگی مثل خروس وماکیان وکبوتر اہلی وغیرہا کاپالنا بلاشبہ جائزہے جبکہ انہیں ایذاسے بچائے اور آب ودانہ کی کافی خبرگیری رکھے۔۔۔ مگرخبرگیری کی یہ تاکید ہے کہ دن میں ستردفعہ پانی دکھائے کماورد فی الحدیث(جیساکہ حدیث میں وارد ہواہے) ورنہ پالنا اور بھوکاپیاسارکھناسخت گناہ ہے۔" (فتاوی رضویہ،ج 24،ص 643،644،رضا فاؤنڈیشن،لاہور)

 

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم