Fake Documents De Kar Visa Banwana Aur Student Visa Par Full Time Kaam Karna

فیک ڈاکومنٹس دے کر ویزا بنوانا اور اسٹوڈنٹ ویزے پرفل ٹائم کام کرنا

مجیب: ابو احمد محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1721

تاریخ اجراء: 24ذوالقعدۃالحرام1444 ھ/13جون2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میں امریکہ میں  ماسٹر کی پڑھائی کےلیے جانا چاہتا ہوں  اور پڑھائی کےساتھ کام بھی کرنا چاہتاہوں فل ٹائم لیکن   امریکہ میں اسٹوڈنٹ کو ایک ہفتہ میں بیس گھنٹے کام کرنے کی اجازت ہے اور فل ٹائم کام کرنا غیر قانونی ہے ۔ دوسرا یہ ہے کہ ویزے کے لیے چالیس لاکھ روپے   اکاؤنٹ میں ہونے چاہیے لیکن میرے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں تو میں بینک کے فیک ڈاکو منٹس بنوا کر ویزہ لے سکتاہوں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   صورت ِ مسئولہ میں آپ  کا ویزے کے حصول کےلیےجعلی   ڈاکومنٹس  بنواکر دکھانا جائز  نہیں ہے کہ جھوٹ اور دھوکہ دہی وغیرہ پرمشتمل ہے ،جوکہ ناجائزوحرام کام ہیں ،لہذااگر پیسے نہیں ہیں، تو ان کااہتمام کیا جائے اورویزے کے حصول کا جو جائز قانونی طریقہ ہے، اسی  پر عمل کیاجائے۔

    نیز اسٹوڈنٹ  ویزے پرجا کر  فل ٹائم جاب کرنے میں اگر قانونی طور پر پابندی ہے او ر اس کی خلاف ورزی کرنے پر  گرفتاری  وغیرہ ہوتی ہے تو ایسا کرنے کی بھی شرعا اجازت نہیں ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم