CBD Oil (Chars Ke Patton Ka Oil) Istemal Karna Kasia ?

CBD آئل ( چرس کے پتوں کاآئل ) استعمال کرنا کیسا ہے؟

مجیب: ابو حفص مولانا محمد عرفان عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1832

تاریخ اجراء:30ذوالحجۃالحرام1444 ھ/19جولائی2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

    CBD آئل( پنجابی میں اسے چرس کے پتوں کا آئل   بھی کہاجاتا ہے ) کینسر کے مریض جو کیمو تھراپی  کرواتے ہیں ،تو اس کے بہت نقصانات ہوتے ہیں جیسے بالوں کا جھڑ جانا ،     جسم میں تلخی کا لگ  جانا،جسم میں کمزوری کا ہوجانا ،تو اب اگر کینسر کا مریض یہ آئل استعمال کرتا ہے ،تو اس کو کافی آرام ملتا ہے ،یہ چونکہ آئل فارم میں ہے،تو اس سے اس طرح کانشہ نہیں آتا ،امریکہ وغیرہ میں دیکھا گیا ہے کہ اس سے مریضوں کو کافی  فائدہ ہوا ہے  ،تو کیا   اس آئل کا استعمال جائز ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   عام طور پر اس طرح کے آئلز     کا استعمال اندرونی (کھانے کے ذریعے)بھی ہوتا ہے جیسے کیپسول   کے اندر  اور بیرونی بھی  جیسے بام ،لوشن ،کریم وغیرہ میں۔

   (الف)اگریہ بیرونی استعمال کے لیے ہو،توبھی اس میں  حرج نہیں کہ اس صورت میں نشہ پیدا نہیں ہوگا ۔

       (ب)اور اگر اندرونی استعمال کے لیے ہو، تواگر   اس آئل میں پتوں کی اتنی مقدار  ڈالی گئی  ہوکہ جس سے  نشہ آئے، تو  اسے استعمال کرنا جائز نہیں۔ہاں اگر اتنی کم مقدار ہو کہ اس سے نشہ نہ آئے اور ایسا کرنا کسی غرض صحیح سے (مثلا بطور علاج) ہو، تو اس میں حرج نہیں۔

   امام اہلسنت امام احمدرضاخان علیہ رحمۃ الرحمن ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے ارشادفرماتے ہیں :"ہاں اگردواکے لئے کسی مرکب میں افیون یابھنگ یاچرس کا اتنا جزڈالاجائے جس کا عقل پراصلاً اثرنہ ہوحرج نہیں بلکہ افیون میں اس سے بھی بچنا چاہئے کہ اس خبیث کا اثر ہے کہ معدے میں سوراخ کردیتی ہے جوافیون کے سواکسی بلاسے نہیں بھرتے تو خواہی نخواہی بڑھانی  پڑتی ہے۔ "(فتاوی رضویہ ،ج 25،ص 213،رضافاونڈیشن،لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم