Azan Dene Wali Murgi Khana Halal Hai Ya Nahi?

 

اذان دینے والی مرغی کھانا حلال ہے یا نہیں؟

مجیب:مولانا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-3218

تاریخ اجراء: 29ربیع الثانی 1446ھ/02نومبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

     اگر کوئی مرغی بانگ دینا شروع ہو جائے  تو کیا یہ حلال ہوتی ہے یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   مرغی اذان دینے لگ جائے تو بھی وہ حلال ہی رہتی ہے۔ اس کے انڈے اور گوشت کھانا بالکل جائز ہے۔ بعض لوگ ایسی مرغی کو مَنحوس سمجھ کر ذَبح کر ڈالتے ہیں،جبکہ اس کی کوئی حقیقت نہیں ہے ۔

   حدیث مبارک میں ہے”قال رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلم: لا عدوى ولا طيرة ولا هامة ولا صفر، وفر من المجذوم کما تفر من الأسد“ترجمہ:رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:نہ مرض کا اڑکر لگنا ہے   نہ پرندہ نہ الو  نہ صفر کوئی چیز ہے  اور کوڑھی سے ایسے بھاگو جیسے تم شیر سے بھاگتے ہو۔(الصحیح البخاری، ج 07، ص 126 ،رقم الحدیث  5707 ،دار طوق النجاۃ)

   امام ابوالحسن علی بن محمد ماوردی علیہ رحمۃُ اللہِ القوی لکھتے ہیں :” اعلم أنه ليس شيء أضر بالرأي ولا أفسد للتدبير من اعتقاد الطيرة “جان لو!  بَدشگونی سے زیادہ فِکْر کو نقصان پہنچانے والی اور تدبیر کو بگاڑنے والی کوئی شے نہیں ہے ۔(ادب الدنیا والدین، ص 314، دار مكتبة الحياة)

   اِس قسم کے وَہمی خیالات کے متعلق تفصیلی معلومات حاصِل کرنے کے لئے دعوتِ اسلامی کے اِشاعَتی اِدارے مکتبۃُ المدینہ کی 127صفحات پر مشتمل  کتاب “ بدشگونی “ کا مُطالعہ کیجئے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم