Aurat Ke Liye Gold Ki Ghadi Pehna Aur Us Mein Time Dekhna

عورت کے لیے سونے کی گھڑی پہننا اور اس میں ٹائم دیکھنا

مجیب:مولانا محمد سجاد عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-1896

تاریخ اجراء:30محرم الحرام 1445ھ/18اگست2023ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میرا سوال یہ ہے کہ    کیا عورتیں گولڈ کی گھڑی پہن سکتی ہیں ؟اور اس میں ٹائم دیکھ سکتی ہیں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   وقت دیکھنے کے لئے گولڈ کی گھڑی عورتوں کو بھی استعمال کرنا  جائز نہیں ،کیونکہ عورتوں کے لئے سونا ،چاندی صرف پہننے کی حد تک جائز ہے نہ کہ کسی اور کام کے لیےجیساکہ شریعت مطہرہ نے مرد وعورت دونوں کے لیے سونے ،چاندی کے برتنوں میں  کھانا،پینا حرام فرمادیا ۔ البتہ اگر کوئی عورت صرف زینت کے لیے سونے کی گھڑی پہنے تو اس کی اجازت ہوگی،جبکہ اس میں ٹائم وغیرہ بالکل نہ دیکھے۔لیکن یہ بہت مشکل کام ہے کہ گھڑی پہنی ہو اور اس میں ٹائم وغیرہ نہ دیکھا جائے ،  لہذا  عورتوں کو  زینت کے لیے  بھی گولڈ کی گھڑی پہننے  میں سخت احتیاط چاہیے۔

   سونے کی گھڑی کے متعلق فتاوی رضویہ میں سیدی اعلی حضرت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :’’ سونے کی گھڑی جیب میں ہو تو نماز میں حرج نہیں کہ جیب میں رکھنا پہننا نہیں۔ جیسے جیب میں اشرفیاں پڑی ہوں، ہاں سونے کی گھڑی یاچاندی کی گھڑی میں وقت دیکھنامردو عورت سب کو حرام ہے کہ عورتوں کو پہننے کی اجازت ہے نہ کہ اورطُرق استعمال کی‘‘۔(فتاوی رضویہ،ج22،ص129، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

   حبیب الفتاوٰی میں مفتی حبیب اللہ نعیمی رحمۃ اللہ علیہ سےگھڑی میں سونے یا چاندی کی چین استعمال  کرنے کے متعلق سوال ہوا:تو آپ رحمۃ اللہ علیہ نے جواب  دیا:’’عورتیں سونے یا چاندی سے بنی ہوئی چین کا استعمال کرسکتی ہیں ‘‘۔  (حبیب الفتاوی،ج 01،ص399،شبیر برادرز ،لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم