Aurat Ka Apne Shohar Ke Hukum Par Sar Ke Baal Katna Kaisa ?

عورت کا اپنے شوہر کے حکم پر سر کے بال کاٹنا

مجیب: فرحان احمد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-528

تاریخ اجراء: 06ربیع لاول1444 ھ  /03اکتوبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیاعورت اپنے شوہرکے حکم پر اپنےسر کے بال کاٹ سکتی ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   عورت کاسر کے بالوں کو اتنا کاٹنا کہ وہ کندھوں سے اوپر یا کندھوں کے برابر ہوجائیں، ناجائزو حرام  اور گناہ ہےاور ایسا کرنے والی عورت پر اللہ تعالیٰ  کی لعنت برستی ہے،اگر شوہر کے کہنے پر کاٹے گی تب بھی یہی حکم ہے،کیونکہ اللہ پاک کی نافرمانی والے کاموں میں بندوں کی اطاعت جائز نہیں، اور شوہر بھی اس ناجائز کام کا حکم دینے کی وجہ سے گناہگار ہوگا۔البتہ کندھوں سے نیچے جو بال ہیں،ان کی نوکیں کاٹ کر برابر کر سکتی ہے،خواہ شوہر کے کہنے پر کاٹے یا خود، بہر صورت جائز ہے۔

   خالق کی نافرمانی میں مخلوق کی اطاعت جائز نہیں۔ جیساکہ صحیح بخاری شریف کی حدیثِ مبارک ہے:”عن علی   رضی الله عنه ان النبی صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم قال لا طاعۃ فی معصیۃ اللہ ، انما الطاعۃ فی المعروف  یعنی حضرت علی  رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے ارشاد فرمایا کہ اللہ عزوجل کی نافرمانی میں کسی مخلوق کی اطاعت جائز نہیں، بلکہ مخلوق کی اطاعت تو فقط بھلائی کے کاموں میں ہی جائز ہے۔(صحیح البخاری ،جلد 2، صفحہ1077-1078،مطبوعہ کراچی، ملخصاً )

   صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرتِ علامہ مولانا مفتی محمد امجد  علی اعظمی علیہ الرحمۃ ایک سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں:”جس کو شرع مطہر نے ناجائز قرار دیا ہے ، اس میں اطاعت نہیں کہ یہ حقِ شرع ہے اور کسی کی اطاعت میں احکامِ شرع کی نافرمانی نہیں کی جاسکتی کہ معصیت میں کسی کی طاعت نہیں ہے۔ حدیث میں ہے لا طاعۃ للمخلوق فی معصیۃ الخالق “(فتاویٰ امجدیہ، جلد4، صفحہ 198، مکتبہ رضویہ کراچی )

   بہارِ شریعت میں ہے: ” عورت کو سر کے بال کٹوانے جیسا کہ اس زمانہ میں نصرانی عورتوں نے کٹوانے شروع کردیے ناجائز و گناہ ہے اور اس پر لعنت آئی شوہر نے ایسا کرنے کو کہا جب بھی یہی حکم ہے کہ عور ت ایسا کرنے میں گنہگار ہوگی کیونکہ شریعت کی نافرمانی کرنے میں کسی کا کہنا نہیں مانا جائے گا۔سنا ہے کہ بعض مسلمان گھروں میں بھی عورتوں کے بال کٹوانے کی بلا آگئی ہے، ایسی پر قینچ عورتیں دیکھنے میں لونڈا معلوم ہوتی ہیں۔اور حدیث میں فرمایاکہ :جو عورت مردانہ ہیأت میں ہو، اس پر اﷲعزوجل کی لعنت ہے۔ “(بہارِ  شریعت، حصہ 16، صفحہ 588، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم