Apni Behan Ko Sadqa Dena Aur Waldain Ka Is Me Se Istemal Karna

اپنی بہن کو صدقہ دینااور والدین کا اس میں سے استعمال کرنا

مجیب: ابو الحسن جمیل احمد غوری العطاری

فتوی نمبر: Web-450

تاریخ اجراء:       11محرم الحرام1444ھ/10اگست2022   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   شادی شدہ بہن اگر اپنی بالغ کنواری  بہن کو صدقہ کے پیسے دے اور وہ ان پیسوں سے کوئی کھانے کی چیز منگوائے ، تو ماں باپ اس چیز میں سے کچھ کھا سکتے ہیں یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   صدقات نفلی بھی ہوتےہیں اورواجبہ بھی۔واجبہ جیسےزکوٰۃ،فطرہ وغیرہ۔

   نفلی صدقہ ہرمسلمان کودےسکتےہیں،وہ ہاشمی ہویاغیرہاشمی،امیرہویاغریب اگرچہ اپنےماں باپ ،بھائی بہن اور اولاد،اور اس سے انہیں کچھ کھلانا بھی جائز ہے۔اسی طرح جسےصدقہ دیا گیا، وہ بھی اپنے ماں باپ کو کھلا سکتا ہے۔

   صدقاتِ واجبہ ہر ایسے فقیرِ شرعی اور مسکین مسلمان کودےسکتےہیں جو دینے والے کے اصول(ماں باپ،دادا ، نانا) و فروع(بیٹا ،پوتا، نواسہ وغیرہ  ) میں سے نہ ہو اور ہاشمی و سید بھی نہ ہو اورایسانابالغ بھی نہ ہو جس کا باپ غنی ہو۔اسی طرح میاں بیوی بھی ایک دوسرے کو نہیں دے سکتے۔ان کےعلاوہ دیگررشتہ داروں جیسے: بھائی، بہن کودیناجائزہے ،جبکہ وہ مستحق ہوں۔ اور جب حق دار کو صدقہ دے کر، اس کا مالک کردیا، تو  اب وہ اس کی چیز ہے،اب اس کا اپنے ماں باپ کو کھلانا بھی  جائز ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم