Aloe Vera Khana Ya Iska Ras Peena Kaisa ?

ایلوویرا Aloe vera کھانا یا اس کا رَس پینا کیسا؟

مجیب:مفتی ہاشم خان عطاری مدنی

تاریخ اجراء: ماہنامہ فیضان مدینہ اگست2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایلوویرا (Aloe vera)کھانا یا اس کا رَس پینا حلال ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   ایلوویرا (Aloe vera)جسے اردو میں کوارگندل یا گھیکوار کہتے ہیں، زمین میں اُگنے والی سبزیوں کی ایک قسم ہے،جس کے پتے لمبے، موٹے اور نوکیلے ہوتے ہیں اور ان سےلیس دار مادہ نکلتا ہے۔ اسے کھانا یا اس کا رَس پینا حلال ہےکہ

   (الف)عند الشرع جس چیز کی ممانعت قرآن وسنت سے ثابت ہو اور اس کی حرمت وممانعت پر دلیل شرعی قائم ہو صرف وہی حرام وممنوع ہے،بقیہ سب چیزیں حلال ومباح ہیں اور ایلوویرا کے حرام یا ممنوع ہونے پر کوئی دلیلِ شرعی قائم نہیں ہے لہٰذا قرآن وحدیث میں اس کی حرمت کی دلیل نہ ہونا ہی اس کی حلت کی دلیل ہے۔

   (ب)نباتات کے متعلق شریعت کا اصول یہ ہے کہ زمین سے اُگنے والی وہ نباتات جو نشہ آور، زہریلی اور ضرر دینے والی نہ ہوں ان کاکھانا، جائز ہے۔ اور ایلوویرا نہ تو نشہ آور ہے، نہ زہریلی اور نہ ہی ضرر دینے والی ہے لہٰذا اس کا کھانا، جائز ہے اور اطباء نے اس کے متعدد فوائد بھی بیان کیے ہیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم