Allah Pak Ki Ibadat Ke Liye Sab Se Pehle Khana Kaba Tameer Kiya Gaya ?

اللہ پاک کی عبادت کے لئے سب سے پہلے خانہ کعبہ تعمیر کیا گیا

مجیب:ابو الحسن جمیل احمد غوری عطاری

فتوی نمبر:Web-865

تاریخ اجراء: 18 شعبان ا المعظم1444 ھ  /11 مارچ2023 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اللہ پاک کی عبادت کے لئے سب سے پہلے کون سا گھر تعمیر کیا گیا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   زمین پر سب سے پہلے اللہ تعالی کی عبادت کے لیے خانہ کعبہ کو تعمیر کیا گیا، اس کے بعد بیت المقدس کو تعمیر کیا گیا۔ بیت المقدس بھی اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لیے بنایا گیا لیکن ابتداء ً مرکز خانہ کعبہ ہی تھا،  البتہ بعد میں بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز پڑھنے کا حکم دیا گیا، پھر نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ  علیہ واٰلہٖ وسلم کے مدینہ منورہ آنے کے بعد دوبارہ خانہ کعبہ کی طرف رخ کرکے نماز پڑھنے کا حکم دیا گیا ۔

   اللہ تبارک و تعالیٰ قرآنِ پاک میں فرماتا ہے: ”اِنَّ اَوَّلَ بَیْتٍ وُّضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِیْ بِبَكَّةَ مُبٰرَكًا وَّ هُدًى لِّلْعٰلَمِیْنَۚ (۹۶) “ترجمہ کنزالایمان: بے شک سب میں پہلا گھر جو لوگوں کی عبادت کو مقرر ہوا وہ ہے جو مکہ میں ہے برکت والا اور سارے جہان کا راہنما۔(پارہ4، سورہ اٰلِ عمران، آیت 96)

   بخاری شریف میں حضرت سیدنا ابو ذر  غفاری رضی  اللہ تعالیٰ عنہ سےروایت ہے: ’’ قلت یا رسول اللہ! أيّ مسجد وضع فی الارض أوّل ؟ قال: المسجد الحرام، قلت: ثمّ ای؟ ، قال: المسجد الأقصی، قلت: کم کان بینھما ؟ قال: أربعون سنۃ  “ یعنی میں نے عرض کی:   یا رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ واٰلہٖ وسلم! کونسی مسجد سب سے  پہلے بنائی گئی؟ آپ صلی اللہ تعالی علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا: مسجد حرام۔  میں نے عرض کی: پھر کون سی؟ فرمایا:  مسجد اقصیٰ۔  میں نے عرض کی: دونوں کے درمیان کتنا فاصلہ تھا ؟ فرمایا چالیس  سال۔(صحیح بخاری ، حدیث 3366، صفحہ  551، مطبوعہ:ریاض)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم