پرندوں یا جانوروں کیلئے گوشت چھت پرڈالنا

مجیب: مولانا  محمد سجاد  عطاری مدنی   زید مجدہ

فتوی نمبر: Web:54

تاریخ اجراء: 29 جمادی الاولی 1442 ھ/14 جنوری2021 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیافرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ کے بارے میں کہ گھروں میں جانوروں کے لیے گوشت وغیرہ منگوایا جاتا ہے اور پھر گھر کے اوپری حصے میں صدقے کی نیت سے جانوروں کے لیے رکھ  دیا جاتا ہے کیا ایسا کرنا درست ہے  ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     صورت ِمسؤلہ میں اگرگھر کے اوپری حصے  پر ایسے جانور ہیں جو گوشت کھا جاتے ہیں یا بلی وغیرہ ہے جو کھا جاتی ہے تو ایسا کرنا،  جائز  ہے اور اچھی نیت ہو تو ثواب کی امید ہے،لیکن  اگر وہ گوشت کوئی جانور نہیں کھاتا بلکہ خراب ہو جاتاہے  تو یہ اسراف و گناہ ہے۔اور اگر آپ کی مراد چیل کؤوں کو گوشت ڈالنا ہے تو ایسا نہ کیا جائے بلکہ گوشت مساکین وغیرہ کو دے دیا جائے ،چیل کؤوں کو کھلانا ثواب نہیں۔

      سیدی اعلیٰ حضرت امام اہلسنت   امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ ایک سوال کے جواب میں ارشا د  فرماتے ہیں :’’( گوشت) مساکین کو دیں ،چیل ،کوّوں کو کھلانا کوئی معنی نہیں رکھتا ، یہ فاسق ہیں اور کوّوں کی دعوت  رسم ِ ہنود (یعنی ہندؤوں کی  رسم ہے ۔) ‘‘(فتاوٰی رضویہ  ،ج 20، ص 590،رضا فاؤنڈیشن،لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم