مجیب:مفتی محمد قاسم عطاری
فتوی نمبر:AQS- 2642
تاریخ اجراء:01 محرم الحرام 1446ھ/08 جولائی 2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرعِ متین اس مسئلے کے بارے میں کہ ہمارے والد صاحب پر حج فرض تھا، لیکن انہوں نے حج نہیں کیا اور فوت ہو گئے اور حج کے لیے وصیت بھی نہیں کی۔ اب کیا ورثا ان کی طرف سے حجِ بدل کر سکتے ہیں یا کسی کے ذریعے کروا سکتے ہیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں والد صاحب کے فرض حج کے بدلے میں ان کی طرف سے کسی وارث کا حجِ بدل کرنا یا ورثا کا کسی اور شخص کو حجِ بدل کے لیے بھیجنا، جائز اور عظیم اجر و ثواب کا کام ہے، لہٰذا ورثا کو یہ نیکی ضرور کرنی چاہیے، اگرچہ والد صاحب نے حجِ بدل کی وصیت نہیں کی تھی، لیکن اللہ پاک کی رحمت سے امید ہے کہ وہ حج ان کے فرض حج کا بدل ہو جائے اور ان کی طرف سے فرض حج ادا ہو جائے۔
بہتر یہ ہے کہ حجِ بدل کرنے والا شخص متقی و پرہیز گارہو، حج کے مسائل جانتا ہو اور اپنی طرف سے حج ادا کر چکا ہو، تاکہ ارکانِ حج مکمل اور درست طریقے سے ادا کر سکے، لیکن ایسے شخص کو بھیجنا بھی جائز ہے، جس نے پہلے حج نہ کیا ہو اور اس پر حج بھی فرض نہ ہو۔ البتہ جس شخص پر حج فرض ہو چکا ہواور اس نے ابھی تک ادا نہ کیا ہو،تو جان بوجھ کر اسے حجِ بدل کے لیے بھیجنا مکروہِ تحریمی اور گناہ ہے۔
فتاوی عالمگیری میں حجِ بدل کی شرائط سے متعلق ہے:”منھا:الامر بالحج ، فلا یجوز حج الغیر عنہ بغیر امرہ ، الا الوارث یحج عن مورثہ بغیر امرہ ، فانہ یجزیہ“ ترجمہ:حجِ بدل کی شرائط میں سے ایک یہ ہے کہ(جس کی طرف سے کیا جائے، اُس نے)حج کا حکم دیا ہو،لہٰذا اس کے حکم کے بغیر اس کی طرف سے کسی دوسرے کا حج کرنا، درست نہیں ہو گا، سوائے اِس کے کہ وارث اپنے مورِث(مرحوم) کی طرف سے اس کے حکم کے بغیر کر لے، تو ادا ہو جائے گا۔ (الفتاوی العالمگیریۃ، ج1، ص283، مطبوعہ کراچی)
اسی میں دوسری جگہ ہے:”مَن علیہ الحج اذا مات قبل ادائہ ، فان مات عن غیر وصیۃ یأثم بلا خلاف ، وان احب الوارث ان یحج عنہ حج وارجو ان یجزئہ ذلک ان شاء اللہ تعالٰی ، کذا ذکر اَبو حَنیفۃَ رَحِمَہُ اللہُ تعالی“ ترجمہ:جس پر حج فرض ہو اور ادا کرنے سے پہلے فوت ہو جائے، اگر(حج کی) وصیت کیے بغیر مرا، تو وہ بالاتفاق گنہگار ہے۔ اگر وارث اُس کی طرف سے حجِ بدل کرانا چاہے، تو کرا سکتا ہے اور امید ہے کہ ان شاء اللہ الکریم اس کی طرف سے ادا ہو جائے، اِسی طرح امامِ اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا۔(الفتاوی العالمگیریۃ، ج1، ص 285، مطبوعہ کراچی)
حجِ بدل کے لیے کس شخص کو بھیجنا بہتر ہے، اس بارے میں الاختیار لتعلیل المختارمیں ہے:”والاولٰى ان يختار رجلا حرا عاقلا بالغا قد حج ، عالما بطريق الحج وافعاله ، ليقع حجه على اكمل الوجوه“ترجمہ:اور بہتر یہ ہے کہ حج کے لیے ایسے شخص کا انتخاب کرے، جو آزاد، عاقل، بالغ ہو، پہلے حج کر چکا ہو اور حج کے راستے اور اُس کے افعال(کاموں) کو جانتا ہو، تاکہ اس کا حج کامل طریقے سے ادا ہو جائے۔(الاختیار لتعلیل المختار، ج1، ص220، مطبوعہ کراچی)
امامِ اہلِسنت، سیدی اعلیٰ حضرت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ ارشاد فرماتے ہیں:”اگر حضرت کی والدہ ماجدہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہا پر۔۔۔۔۔ اُس سال سے پہلے(حج) فرض ہو چکا تھا، تو البتہ حجِ فرض ان پر باقی رہا۔ حضرت ان کی طرف سے ادا فرمائیں یا ادا کرا دیں، تو اجرِ عظیم ہے۔۔۔ حجِ بدل یعنی نیابۃً دوسرے کی طرف سے حجِ فرض ادا کرنا کہ اُس پر سے اِسقاطِ فرض کرے، اِن شرائط سے مشروط ہے:۔۔۔ یہ حج باَمر محجوج عنہ ہو۔ بلا اجازت دوسرے کی طرف سے حج کافی نہ ہو گا، مگر جبکہ وارث اپنے مورث(مرحوم) کی طرف سے حج کرے یا کرائے، لقیامہ مقامَہ خِلافۃ۔ ملخصا“(فتاوی رضویہ، ج10، ص659،660، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن، لاھور)
اِس سوال کہ”ایک خوشحال شخص اپنی متوفیٰ بیوی کی طرف سے(جو دولت مند تھیں اور شوقِ حج کا مصمم ارادہ رکھتی تھیں)حج بدل کرانا چاہتے ہیں۔۔۔ حج بدل کرنے والے کو خاص مکہ معظمہ میں وہاں کا زمانہ حج کا خرچ دے کر مقرر کرلینا کافی ہے یانہیں؟“کے جواب میں امامِ اہلِسنت، سیدی اعلیٰ حضرت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ ارشاد فرماتے ہیں:”حج عبادتِ بدنی اور مالی دونوں سے مرکب ہے، جس پر حج فرض تھا اور معاذاﷲ بے کیے مرگیا، ظاہر ہے کہ بدنی حصہ سے تو عاجز ہو گیا۔ رب عزوجل کی رحمت کہ صرف مالی حصّہ سے اس کی طرف سے حجِ بدل قبول فرماتا ہے، جبکہ وہ وصیت کرجائے اور رحمت پر رحمت یہ کہ وارث کا حج کرانا بھی قبول فرمایاجاتا ہے، اگر چہ میّت نے وصیت نہ کی۔ حجِ بدل والے کو اُسی شہر سے جانا چاہئے، جو شہر میت کا تھا تاکہ مالی صَرف پوراہو، مکہ معظمہ سے حج کرادینا اِس میں داخل نہیں۔“(فتاوی رضویہ، ج10،ص661،662، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن،لاھور)
صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ” حجِ بدل کے لیے چند شرطیں ہیں:۔۔۔(4) جس کی طرف سے کیا جائے، اُس نے حکم دیا ہو، بغیر اُس کے حکم کے نہیں ہو سکتا۔ ہاں وارث نے مورث(مرحوم) کی طرف سے کیا، تو اِس میں حکم کی ضرورت نہیں۔۔۔۔۔ جس پر حج فرض ہے اورنہ ادا کیا، نہ وصیت کی، تو بالا جماع گنہگار ہے۔ اگر وارث اُس کی طرف سے حجِ بدل کرانا چاہے، تو کرا سکتا ہے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ امید ہے کہ ادا ہو جائے۔“(بھارِ شریعت، ج1، ص1201۔1206، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ مزید فرماتے ہیں:”بہتر یہ ہے کہ حجِ بدل کے لیے ایسا شخص بھیجا جائے، جو خود حَجۃ الاسلام(حجِ فرض) ادا کر چکا ہو اور اگر ایسے کو بھیجا،جس نے خود نہیں کیا ہے، جب بھی حجِ بدل ہو جائے گا اور اگر خود اس پر حج فرض ہو اور ادا نہ کیا ہو، تو اسے بھیجنا مکروہِ تحریمی ہے۔“(بھارِ شریعت، ج1، ص1203، 1204، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
کیا 65 سال کی بیوہ بھی بغیر محرم کے عمرے پر نہیں جاسکتی؟
کسی غریب محتاج کی مددکرناافضل ہے یانفلی حج کرنا؟
کمیٹی کی رقم سے حج وعمرہ کرسکتے ہیں یانہیں؟
عورت کا بغیر محرم کے عمرے پر جانے کا حکم؟
ہمیں عمرے پر نمازیں قصرپڑھنی ہیں یا مکمل؟
جومسجد نبوی میں چالیس نمازیں نہ پڑھ سکا ،اسکا حج مکمل ہوا یانہیں؟
جس پر حج فرض ہو وہ معذور ہو جائے تو کیا اسے حج بدل کروانا ضروری ہے؟
کیا بطور دم دیا جانے والا جانور زندہ ہی شرعی فقیر کو دے سکتے ہیں؟