Umrah Ki Adaigi Ke Doran Wazu Toot Jaye To Kya Hukum Hai ?

عمرے کی ادائیگی کے دوران وضو ٹوٹ جائے تو حکم؟

مجیب:مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: Web-1494

تاریخ اجراء:17شعبان ا لمعظم1445 ھ/28فروری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   عمرہ کے دوران کسی رکن میں وضو ٹوٹ جائے، تو کیا کرے، جیساکہ طواف کعبہ میں یا سعی میں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   بغیر وضو کے طواف کرنا جائز نہیں ہے، لہذا دورانِ طواف وضو ٹوٹ جانے پر دوبارہ وضو کرنا ہوگا۔ اگر چار سے کم چکر لگائے تھے کہ وضو ٹوٹ گیا اور وضو کرنے چلے گئے، تو اس صورت میں آپ کو اختیار ہوگا کہ واپس آکر اُسی پہلے طواف پر بِنا کریں یعنی جتنے پھیرے رہ گئے تھے صرف وہی کرلیں گے،تو طواف پورا ہوجائے گا، نئے سرے سے شروع کرنا ضروری نہیں ،البتہ یہ بھی اختیار ہے کہ نئےسرے سے شروع کریں، اس میں بھی کوئی حرج نہیں اور اس صورت میں اُس پہلے طواف کو پورا کرنا ضرور ی نہیں ۔ البتہ  اگرچار یا زیادہ پھیرے کر لیے تھے،تو اب وضو کے بعد واپس آ کر نئے سرے سے نہیں کر سکتے، جہاں سے چھوڑا تھا وہیں سے کرنا ہوگا۔ بِنا کی صورت میں حجرِ اسود سے شروع کرنے کی ضرورت نہیں، بلکہ جہاں سے چھوڑا تھا، وہیں سے شروع کرے۔ سعی کے دوران وضو ٹوٹ جائے تو بغیر وضو بھی سعی مکمل کی جاسکتی ہے  کیونکہ سعی کیلئے وضو ضروری نہیں ۔

   طواف کے دوران وضو کرنے چلا جائے، توواپس آکر طواف پر بِنا کر سکتا ہے یا نہیں اس سے متعلق بہار شریعت میں درمختار اور رد المحتار کے حوالے سےہے:’’طواف کرتے کرتے نمازِ جنازہ یا نمازِ فرض یا نیا وضو کرنے کے لیے چلا گیا، تو واپس آکر اُسی پہلے طواف پر بِنا کرے یعنی جتنے پھیرے رہ گئے ہوں،انہیں کرلے طواف پورا ہوجائے گا، سرے سے شروع کرنے کی ضرورت نہیں اور سرے سے کیا جب بھی حرج نہیں اور اس صورت میں اس پہلے کو پورا کرنا ضرورنہیں اور بِنا کی صورت میں جہاں سے چھوڑا تھا، وہیں سے شروع کرے حجرِ اسود سے شروع کرنے کی ضرورت نہیں۔ یہ سب اس وقت ہے جب کہ پہلے چار پھیرے سے کم کیے تھے اوراگر چار پھیرے یا زیادہ کیے تھے، تو بِنا ہی کرے۔‘‘(بھار شریعت، جلد1،صفحہ1100،1101، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

   اسی میں ہے: ’’ صفا و مروہ کے درمیان سعی کے لیے وضو کر لینا سنّت ہے۔‘‘(بھار شریعت، جلد1،صفحہ302، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم