Tawaf Hijr Aswad Ke Bajaye Rukne Yamani Se Shuru Kiya To kya Hukum Hai ?

طواف حجر اسود کے بجائے رکن یمانی سے شروع کیا تو کیا حکم ہے؟

مجیب:مفتی فضیل صاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر:Mad:1836

تاریخ اجراء:14جمادی الثانی 1438ھ/14 مارچ 2017ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

     کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میرا ایک جاننے والا شخص عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے گیا وہاں جا کراس نے طواف حجر اسود کی بجائے رکن یمانی سے شروع کیا اور سعی اور حلق کروا کر عمرہ مکمل کیا پھر دوسرے  عمرے میں وہ میرے ساتھ تھا ہم نے طواف حجر اسود سے شروع کیا تو اس نے بتایا کہ وہ تو رکن یمانی سے طواف شروع کرتا رہا ہے لہذامیں نے اسے بتایا کہ طواف حجراسود سے شروع ہوتا ہے لیکن پورے مسئلے کا مجھے بھی پتہ نہیں تھا لہذااب ہم پاکستا ن واپس آچکے ہیں ہماری اس بارے میں رہنمائی فرمائیں کہ مذکورہ شخص نے جو طواف رکن یمانی سے شروع کیا اس کے بارے میں کیا حکم ہے ؟

سائل :عثمان علی عطاری (شاہ نور پارک ،کوٹ خواجہ سعید لاہور)

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     طواف کا حجراسودسے شروع کرنا یہ طواف کے واجبات میں سے ہےاور رکن یمانی سے شروع کرنا یہ ترک واجب ہے جس کا حکم یہ ہے کہ مذکورہ شخص ترک ِواجب کی وجہ سے گناہگار ہوا جس کی توبہ اس پر لازم ہے اور  جب تک مکہ شریف میں تھااس طواف کا  اعادہ کرنا واجب تھا اور اب جبکہ وطن واپسی ہوچکی ہے تو مذکورہ شخص پر ایک دم زمین ِحرم میں دینا واجب ہے دم سے مرادایک بکری اس میں نر ،مادہ ،دنبہ ،بھیڑسب شامل ہیں یا اونٹ یا گائے کا ساتواں حصہ  اور اس اونٹ یا گائے کا بنیت تقرب ذبح ہونا ضروری ہے اگرچہ باقی حصے دوسری طرح کی قربت کے ہوں  اور دم  کے جانورکا  قربانی کی شرائط کے مطابق ہونا اور حدود ِحرم میں قربان ہونا بھی ضروری ہے ساتھ ہی اپنے اس گناہ سے توبہ بھی لازم ہے ۔

     نوٹ :اب دم دینے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ کسی حج یا عمرہ پر جانے والے شخص کو بطور وکیل دم کی رقم دے دے وہ وہاں جا کر قربانی کی شرائط کاجانور خرید کر اس کی طرف سے بطور دم حدود حرم میں قربان کردے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم