Ihram se Nikalne ke liye Biwi ke Baal Katna

احرام سے نکلنے کیلئے شوہرکا اپنی بیوی کے بال کاٹنا

مجیب:مولانا محمد ماجد علی مدنی

فتوی نمبر:WAT-3308

تاریخ اجراء:11جمادی الاولیٰ1446ھ/14نومبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا عمرہ کے بعد احرام سے نکلنے کے لئے شوہر اپنی بیوی کے بال کاٹ سکتا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اگرمیاں بیوی دونوں احرام باندھے ہوئے تھے تواگردونوں کے احرام کھلنے کا وقت ہےیاشوہرپہلے سے ہی احرام سے باہرہے اوربیوی کے احرام کھلنے کاوقت آگیاہے تو شوہراپنی بیوی کے بال کاٹ سکتا ہے۔اوراگربیوی کے تواحرام کھلنے کاوقت آگیالیکن شوہرکے احرام کھلنے کاوقت نہیں آیاتوایسی صورت میں شوہراس کے بال نہیں کاٹ سکتا۔

   چنانچہ لباب و شرح لباب میں ہے”(وإذا حلق)أی المحرم(رأسہ)أی رأس نفسہ(أو رأس غیرہ)۔۔۔ (عند جواز التحلّل)أی الخروج من الإحرام بأداء أفعال النسک ۔۔۔لم یلزمھماشیء“ترجمہ:جب  محرم اپنا یا دوسرے کا سر مونڈے جبکہ  حج یاعمرہ کی ادائیگی مکمل ہوجانے کے بعدان کے احرام سے نکلنے کاوقت آچکا تھا، توان دونوں پرکچھ لازم نہیں ہوگا۔(لباب و شرح لباب،فصل فی الحلق والتقصیر،ص323،مطبوعہ:السعودیۃ العربیۃ)

   فتاوی ہندیہ میں ہے"حلق رأس محرم أو حلال وهو محرم عليه صدقة سواء كان بأمره أو بغير أمره" ترجمہ:محرم یاغیرمحرم کے سرکاحلق کیااورحلق کرنے والااحرام کی حالت میں ہے تواس پرصدقہ ہے برابرہے کہ اس نے دوسرے کے حکم سے ایساکیاہے یااس کے حکم کے بغیرایساکیاہے۔(فتاوی ہندیہ،کتاب المناسک،الباب الثامن فی الجنایات،ج01،ص243،دارالفکر،بیروت)

   محقق مسائل جدیدہ مفتی علی اصغر مدنی دامت برکاتھم العالیہ اپنی کتاب"27واجبات حج" میں فرماتے ہیں:”کسی شخص کا احرام کھولنے کا وقت ہو گیا تو وہ اپنا حلق یا تقصیر خود کر سکتا ہے بلکہ کسی ایسے آدمی کا حلق یا تقصیر بھی کر سکتا ہے جس کا احرام ابھی نہ کھلا ہو لیکن احرام کھولنے کا وقت آگیا ہو مثلاً دو افراد عمرہ کر رہے تھے طواف و سعی سے فارغ ہو گئے اب صرف حلق یا تقصیر ہی کرنا ہے تو یہ دونوں ایک دوسرے کا حلق یا تقصیر کر سکتے ہیں۔“(27واجبات حج،واجب نمبر14،حلق وتقصیر کا بیان،صفحہ120،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم