Ihram Ki Halat Mein Diaper Pehnne Ka Hukum

احرام کی حالت میں ڈائپر (Diaper) پہننے کا حکم

مجیب:مفتی محمد قاسم عطاری

فتوی نمبر:FAM-0189

تاریخ اجراء:29ربیع الاخر1445ھ/14 نومبر 2023ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارےمیں کہ کیا احرام کی حالت میں ڈائپرپہن  سکتے ہیں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   احرام کی حالت میں ڈائپر پہننے سے متعلق  شرعی حکم یہ ہے کہ جو لباس بھی صورۃ ً یامعنی ً/حکماً  مخیط ہو،تو ایسے لباس کو  احرام کی حالت میں مُعتاد انداز میں (یعنی عادت کےمطابق ) پہننا شرعاً جائز نہیں ہوتا۔  

   ڈائپر کی بنیادی اعتبار سے  دو قسمیں ہیں:

   عام طور پر مارکیٹ میں دو قسم کے  ڈائپر  موجود ہوتے ہیں:

   ایک وہ جو بالکل  بدن  کی ہیئت کے مطابق سلے ہوتے ہیں اور اُسے بدن پر پہننے کے بعدچپکانا بھی نہیں پڑتا،بلکہ اُسےانڈر وئیر کی طرح پہن لیا جاتا ہے۔

   دوسرے وہ ڈائپر ہوتے ہیں، جو کُھلے ہوئے ہوتے ہیں اور پیڈ کی طرح معلوم ہوتے ہیں،  اُسے جسم پر پہنا نہیں جاسکتا، بلکہ اسے جسم پر  رکھنے کے بعد سائیڈوں سے چپکانا  پڑتا ہے،جس کے بعد  وہ جسم پر ٹھہر جاتے ہیں۔

   پہلی قسم کے ڈائپر کو احرام  کی حالت میں  پہننے کا شرعی حکم:

پہلی   قسم  یعنی انڈوئیر والے ڈائپر کو احرام کی حالت میں پہننے کی شرعاً اجازت نہیں،کیونکہ یہ ڈائپر صورۃً مخیط ہوتا ہے  اور مخیط کے ذریعے ہی بدن پر محیط ہوتا ہےاور اُسے معتاد انداز میں ہی پہنا جاتا ہے اور احرام کی حالت میں سلے ہوئے لباس کو  معتاد انداز میں(یعنی عادت   کے مطابق) پہننا جائز نہیں،جیسا کہ شروع میں  بیان ہوا۔

   دوسری قسم کے  ڈائپر کو احرام  کی حالت میں  پہننے کا شرعی حکم:

   دوسری قسم   والے ڈائپر یعنی کھلے ہوئے ڈائپر کوبھی  احرام  کی حالت میں  پہننا شرعاً جائز نہیں کہ یہ اگرچہ صورۃ ً مخیط نہیں ہوتا ، لیکن  معنیً  و حکماً مخیط  ضرور ہوتاہے اور پھر چونکہ اُسے جسم پر ایک معتاد انداز میں ہی پہنا جاتا ہے جس طرح اس کے پہننے کا انداز ہے، تو در اصل یہ بھی لُبس مخیط بروجہ معتاد میں داخل ہوکرممانعت میں پہلے والے ڈائپر کے ساتھ شامل ہوجائے گا، لہٰذا  کھلےہوئےڈائپر کو اس کے معنیً و حکماً مخیط ہونے کی وجہ سے  احرام میں پہننا ممنوع ہوگا۔

   خلاصہ کلام یہ ہے کہ ڈائپر کی مذکورہ بالا دونوں قسمیں ہی حالت ِ احرام میں پہننا گناہ ہے اور اسے پہننے کی صورت میں وقت کے قلیل و کثیر ہونے کے اعتبار سے کفارہ یا دم لازم آئے گا۔ یہ مختصر جواب ہے۔ تفصیلی فتویٰ اور اس کے جزئیات ان شاء اللہ چند دنوں میں پیش کردئیے جائیں گے۔ 

   نوٹ:یہی فتویٰ پہلے وائرل کیا گیا تھا ، اُس میں یہ حکم لکھا گیا تھا کہ مذکورہ بالا دوسری قسم کا ڈائپر احرام کی حالت میں پہنا جاسکتا ہے ، لیکن پھر مزید تحقیق کرنے پر یہ نتیجہ سامنے آیا ہے کہ فتوے میں بیان کیے گئے دونوں قسم کے ڈائپر احرام کی حالت میں پہننا منع ہے ، لہٰذا اُس پہلے والے فتوے سے ہم رجوع کرتے ہیں۔اللہ کریم ہماری خطاؤں کو معاف فرمائے۔آمین بجاہ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلی اللہ علیہ و الہ و سلم

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم