Makkah Ke Hotel Se Baghair Mahram Ke Ja Kar Umrah Ada Karna

ہوٹل سے محرم کے بغیر جاکرعمرہ  کے افعال ادا کرنا

مجیب: مولانا محمد سعید عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2303

تاریخ اجراء: 14جمادی الثانی1445 ھ/28دسمبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   دو عورتیں اپنے محرم کے ساتھ مکہ گئیں ہیں،ان کے محرم وہاں مکے میں قریبی ہوٹل میں موجود ہیں،کیا وہ عورتیں عمرے کی ادائیگی بغیر محرم کے کرسکتی ہیں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   عورت کو محرم کے بغیر مسافتِ سفرِ  شرعی(یعنی تین دن کی راہ جو کہ کلومیٹر کے حساب سے 92 کلومیٹر بنتی ہے) پر جانا ناجائز و حرام ہے،بلکہ فی زمانہ بعض فقہاء  ایک دن کی مسافت سفر سے بھی منع کرتے ہیں ۔اور ایک دن سے کم کی مسافتِ سفر کے لئے محرم کے بغیر جانا گناہ تو نہیں،جبکہ کسی قسم کے فتنہ کا اندیشہ نہ ہو اور کامل پردے کی رعایت کے ساتھ نکلا جائے۔

   لہٰذا بیان کردہ صورت میں قریبی ہوٹل سے خواتین کا مذکورہ شرائط کی رعایت کرتے ہوئے محرم کے بغیر عمرے کی ادائیگی  كرنا جائز ہے۔ البتہ مناسب یہ ہے کہ محرم کے ساتھ ہی  جائیں،جیسا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جب حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا کو مقام تنعیم سے عمرے کا احرام باندھنے  کا حکم دیا ،تو   ان کے بھائی حضرت عبد الرحمن رضی اللہ تعالی عنہ کو   ان کے ساتھ بھیجا۔

   صحیح بخاری میں ہے”عن عائشة رضي الله عنها، أنها قالت: يا رسول الله، اعتمرتم ولم أعتمر، فقال: يا عبد الرحمن، اذهب بأختك، فأعمرها من التنعيم“حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ انہوں نے عرض کیا  یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ،آپ لوگوں نے عمرہ کرلیا لیکن میں نے نہیں کیا،تو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :اے عبد الرحمن اپنی بہن کو لےکر جاؤ اور مقام تنعیم سے انہیں عمرہ کروادو ۔(صحیح البخاری،ج02، ص133، رقم:1518،دار طوق النجاۃ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم