مجیب:مولانا محمد شفیق عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-3305
تاریخ اجراء: 27جمادی الاولیٰ 1446ھ/30نومبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
حالت احرام میں جھگڑا کرنے پر کیا کفارہ ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
گناہ کے کام اور لڑائی جھگڑا تو ہر جگہ ہی ممنوع ہے لیکن چونکہ حج و عمرہ بہت ہی عظیم اور مقدس عبادات ہیں ، نیز حج وعمرہ کا سفر ادب، احترام، تعظیم، بندگی، محبت، وارفتگی اور اطاعت کا سفر ہے، جس میں ہر قدم پر شَرْعی احکام کے زیور سے آراستہ رہنے کا حکم ہے ،اسی لئےقران کریم میں اللہ پاک نے بطور خاص حاجی کو تاکید فرمائی کہ نہ کسی گناہ کا ارتکاب کرے اور نہ ہی کسی سے بھی دنیاوی معاملے میں جھگڑا کرے، اس لئے اس سفر کو گناہوں سے آلودہ کرنا اور لڑائی جھگڑا کرنا سخت معیوب اور نہایت ناپسندیدہ ہے۔البتہ کسی نے حالت احرام میں لڑائی ، جھگڑا کر لیا تو اس پر کوئی مالی کفارہ نہیں لیکن اس دوران جن گناہوں کاارتکاب ہوا،ان سے معافی مانگناضروری ہے ،حق العبدتلف ہواتواس کی بھی تلافی ضروری ہے ۔
اللہ عزوجل ارشاد فرماتا ہے:﴿ اَلْحَجُّ اَشْهُرٌ مَّعْلُوْمٰتٌۚ-فَمَنْ فَرَضَ فِیْهِنَّ الْحَجَّ فَلَا رَفَثَ وَ لَا فُسُوْقَۙ-وَ لَا جِدَالَ فِی الْحَجِّ﴾ترجمہ کنز العرفان: حج چند معلوم مہینے ہیں تو جو اِن میں حج کی نیت کرے توحج میں نہ عورتوں کے سامنے صحبت کا تذکرہ ہو اورنہ کوئی گناہ ہو اور نہ کسی سے جھگڑاہو۔(پارہ 2،سورۃ البقرۃ،آیت 197)
اس کے تحت تفسیر صراط الجنان میں ہے”جو شخص احرام باندھ کر یا ہَدی کا جانور چلا کرحج کو اپنے اوپر لازم کرلے اس پر یہ چیزیں لازم ہیں :
(1) رفث سے بچنا۔ رَفَث سے مراد ہے، ہم بستری کرنا یا عورتوں کے سامنے اس کا ذکر کرنا یا فحش کلام کرنا۔(2) فسوق سے بچنا۔ فسق کا معنیٰ ہے گناہ اور برائی کے کام۔(3) جدال سے بچنا ۔ جِدال سے مراد ہے ،اپنے ہم سفروں سے یا خادموں سے یا غیروں کے ساتھ جھگڑنا۔یاد رہے کہ گناہ کے کام اور لڑائی جھگڑا تو ہر جگہ ہی ممنوع ہے لیکن چونکہ حج ایک عظیم اور مقدس عبادت ہے اس لئے اس عبادت کے دوران ان سے بچنے کی بطورِ خاص تاکید کی ہے۔ ( تفسیر صراط الجنان ، جلد 01، صفحہ 358،357، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ )
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
کیا 65 سال کی بیوہ بھی بغیر محرم کے عمرے پر نہیں جاسکتی؟
کسی غریب محتاج کی مددکرناافضل ہے یانفلی حج کرنا؟
کمیٹی کی رقم سے حج وعمرہ کرسکتے ہیں یانہیں؟
عورت کا بغیر محرم کے عمرے پر جانے کا حکم؟
ہمیں عمرے پر نمازیں قصرپڑھنی ہیں یا مکمل؟
جومسجد نبوی میں چالیس نمازیں نہ پڑھ سکا ،اسکا حج مکمل ہوا یانہیں؟
جس پر حج فرض ہو وہ معذور ہو جائے تو کیا اسے حج بدل کروانا ضروری ہے؟
کیا بطور دم دیا جانے والا جانور زندہ ہی شرعی فقیر کو دے سکتے ہیں؟