Bhole Se Topi Pehne Hue Ahram Ki Niyat Karna

بھول کرٹوپی پہنے ہوئے احرام کی نیت کرنا

مجیب: عبدہ المذنب محمد نوید چشتی عفی عنہ

فتوی نمبر: WAT-1554

تاریخ اجراء: 15رمضان المبارک1444 ھ/06اپریل2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   ایک شخص نےاحرام کی چادریں پہننے کےبعد دو رکعت نفل ادا کیے اور پھر بھولے سے ٹوپی اتارے بغیر ہی احرام کی نیت کرلی اور تین بار تلبیہ پڑھا ،تیسری بار تلبیہ پڑھتے ہوئے اسے  یاد آگیا تو اس نے فورا ٹوپی اتار دی ۔اس پر دم یا صدقہ کیا حکم شرعی ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی گئی صورت میں ظاہر یہ ہےکہ حالت احرام میں ٹوپی پہننے سےاس شخص کا چوتھائی سے زیادہ سر چھپ گیا تھا اور اس نے چار پہر یعنی بارہ گھنٹےسے کم وقت تک ٹوپی  پہنے رکھی ۔ اگر یہی صورت ہے تو اس شخص پر ایک صدقہ فطر لازم ہوگا۔

   بہار شریعت میں ہے :” مرد یا عورت نے مونھ کی ٹکلی ساری یا چہارم چھپائی یا مرد نے پورا یا چہارم سر چھپایا تو چار پہر یا زیادہ لگاتار چھپانے میں دَم ہے اور کم میں صدقہ اور چہارم سے کم کو چار پہر تک چھپایا تو صدقہ ہے اور چار پہر سے کم میں کفارہ نہیں مگر گناہ ہے۔(بہار شریعت ،جلد 01 ،صفحہ1169،مطبوعہ کراچی )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم